پشاور (این این آئی)کے پی کے ضلع خیبر میں شجر کاری مہم کے افتتاح کے فوری بعد شہریوں نے پودے اکھاڑ پھینکے ۔وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ٹائیگر فورس ڈے کے موقع پر پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی اور ایم پی اے شفیق نے شجرکاری مہم کا افتتاح کیا اور علاقہ منڈی کس میں درجنوں پودے لگائے جس کے بعد مقامی لوگ مشتعل ہوگئے اور پودے اکھاڑ پھینکے ۔احتجاج پر منتخب نمائندے ، ٹائیگر فورس، ضلعی انتظامیہ اور فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کے افسران بھاگ گئے ۔مظاہرین نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ اور فارسٹ ڈیپارٹمنٹ ہماری زمینوں پر بغیر پوچھے شجرکاری مہم کے بہانے پودے کس قانون کے تحت لگا رہے ہیں؟ یہ شجرکاری کے بعد ہماری زمینوں پر قبضہ کر لیتے ہیں۔ایم این اے اقبال آفریدی نے بتایا منڈی کس باڑہ کی اراضی مقامی افرادکی ملکیت ہے اور مقامی افراد بلا اجازت شجر کاری مہم پر ناراض تھے ۔ ڈپٹی کمشنر محمود اسلم نے بتایا کہ منڈی کس میں شجرکاری مہم سپاہ قبیلہ کی اراضی پر کی گئی تھی، سپاہ قبیلے کی اراضی پر دوفریقین میں تنازع ہے ، ایک فریق کے شجرکاری کی اجازت دینے پر دوسرے نے پودے اکھاڑے ، قانونی کارروائی کے لئے جائزہ لے رہے ہیں۔وزیراعلی کے پی محمود خان نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پودے اکھاڑنے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے ۔