کراچی (پ ر) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کی جانب سے سندھ حکومت کے ذمہ اخبارات کے واجبات کی عدم ادائیگی پر دائر رٹ پٹیشن کی سماعت کے دوران سندھ ہائی کورٹ نے محکمہ اطلاعات سندھ کو 10 ستمبر 2020ء تک جواب داخل کرانے کی مہلت دیدی۔ سی پی این ای کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک موقف اختیار کیا کہ اخبارات و جرائد کو جنوری 2019ء سے جون 2020ء تک کے 34 کروڑ کے واجبات کی ادائیگی نہیں کی گئی ہے ، جس کے باعث اخباری ادارے شدید معاشی بحران کا شکار ہیں اور اخباری اداروں کے صحافی اور دیگر کارکن بھی شدید مالی پریشانیوں کا شکار ہیں۔ درخواست گزار کے وکلاء نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ محکمہ اطلاعات سندھ کو پابند کیا جائے کہ وہ اخبارات و جرائد کے واجبات فوری طور پر ادا کرے تاکہ اخباری اداروں سمیت صحافی اور دیگر کارکنان معاشی پریشانیوں سے بچ سکیں۔ اس موقع پر محکمہ اطلاعات سندھ کی جانب سے استدعا کی گئی کہ ہمیں جواب جمع کرنے کے لئے مہلت دی جائے ۔ دریں اثناء سندھ حکومت کے خلاف توہین عدالت کی سماعت بھی 24 ستمبر کو ہوگی۔