پشاور( ذیشان کاکاخیل)ماہر پروفیسرز کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاکر تحقیق کو فروغ دینے اورماہرین کے ذریعے کارخا نہ داروں اورشعبہ سائنس کو مستفید کرنے کا منصوبہ تکمیل سے قبل ہی ناکام ہو گیا ہے ۔سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹوریٹ کے دیئے 26ملین روپے بھی ضائع ہو گئے ،ڈائریکٹوریٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ سائنس ٹیکنالوجی پشاورکے سینئر پروفیسرز کو توانائی کے پراجیکٹس اور ان کی تکمیل کیلئے 2.60کروڑ روپے دیئے گئے تھے تاہم یہ منصوبے مقررہ وقت میں مکمل ہو سکے نہ ہی کوئی استفادہ حاصل کیا جاسکا۔ذرائع کے مطابق یونیورسٹی نے تجربہ کار پروفیسرز کی جگہ یہ منصوبے ناتجربہ کار پروفیسرز کو دیئے تھے ،جس سے منصوبہ ناکام ہوگیا۔ڈائریکٹر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی خالد خان نے رابطہ کرنے پر کہا کہ وہ پچھلے کئی ماہ سے ملک سے باہر تھے ، وہ اس معاملے سے لاعلم ہیں ۔ تاہم پراجیکٹ منیجر عابد رحمان نے کہا کہ یہ معاملہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور ابھی فائنل رپورٹ آنا باقی ہے ، ایسی کوئی بات ہوئی تو متعلقہ پروفیسرز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔