لاہور( این این آئی) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد اسلم طاہر نے تین روزہ عالمی نمائش کی کامیابی کیلئے تعاون کرنے پر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان سمیت دیگر اداروں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ نمائش میں ہونے والے خریداری کے معاہدوں سے کارپٹ انڈسٹری کو تقویت ملے گی ، بھارت کی جانب سے پاکستانی نمائش کو ناکام کرنے کیلئے منفی پراپیگنڈے پر مبنی لابنگ بھی کی گئی تاہم بھرپور دفاع کی وجہ سے اسے سبکی کا سامنا کرنا پڑاجس پر منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہورمیں منعقد ہونے والی نمائش کی کامیابی کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ پرویز حنیف، ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین شیخ عامر خالد ، سینئر مرکزی رہنما عبد الطیف ملک، سینئر ممبر ریاض احمد، سعید خان، اعجاز الرحمان ،میجر (ر ) اختر نذیر اوراکبر ملک سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔اجلاس کے شرکاء نے تین روز ہ نمائش میں کارپٹ مصنوعات کی فروخت اور درآمدی معاہدوں کے حوالے سے بھی اطمینان کا اظہار کیا ۔ چیئرمین محمد اسلم طاہر نے کہا کہ لاہور میں منعقدہ کارپٹ کی عالمی نمائش نے توقعات سے بڑھ کرکامیابی کی ہے جس کے یقینی طو رپر کارپٹ انڈسٹری پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔