مکرمی !خصوصی افراد کا عالمی دن ہر سال تین دسمبر کو منایا جاتا ہے۔ یہ دن منانے کا مقصد دنیا بھر میں خصوصی افراد کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنا، معاشرے میںخصوصی افراد کی افادیت پر زور ڈالنا ،خصوصی افراد سے اظہار یکجہتی کرنا اور لوگوں میں احساس بیدار کرنا کہ وہ خصوصی افراد کو بھی معاشرے کا حصہ سمجھیں۔ ہسپتالوں میں خصوصی افراد کیلئے علیحدہ کاؤنٹر ہونا چاہیئے۔ اس حوالے سے معاشرے کے تمام سٹیک ہولڈرز کو چاہیئے کہ اس آگاہی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور میڈیا پر بھی خصوصی آگاہی مہم چلائی جائے ۔ خصوصی افرادکو معاشرے میں مختلف مسائل کا سامنا ہے۔ لہٰذا خصوصی افرادکے حوالے سے معاشرتی روّیوں میں تبدیلی کیلئے تعلیمی نصاب میں مضامین شامل کئے جائیں ۔ خصوصی افراد میں بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ٹیکنیکل مہارت رکھنے والے خصوصی افرادکو کاروبار کیلئے آسان شرائط پر بلا سود قرضہ دیا جائے۔محروم افراد کی خدمت کو شعار بنا لیا جائے تو اس سے بڑھ کر نیکی اور کیا ہو گی؟ خصوصی افراد سے لاتعلقی اور بے گانگی کے احساس کو ختم کرنے کے لیے معاشرے کو ’’معذور دوست‘‘ بنانے کے اقدامات کا آغاز کیا جائے۔ (اللہ دتہ انجم کروڑ پکا)