کولمبو (صباح نیوز)نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے سری لنکا کا سرکاری دورہ کیا، اس دوران انہوں نے سری لنکا کے وزیر اعظم مہندا راجہ پاکسے سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف نے دورے کے دوران سری لنکا کی مسلح افواج کے سربراہان اور وزارت دفاع کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کیں،مسلح افواج کے ہیڈ کوارٹرز آمد پر نیول چیف کو گارڈ آف آنرز پیش گیا گیا۔ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف نے سمندری دہشتگردی کے تدارک اور خطے میں سمندری تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے پاک بحریہ کے عزم کو اجاگر کیا۔سربراہ پاک بحریہ نے سری لنکا کی مختلف بحری تنصیبات کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں آپریشنل امور پر بریفنگ دی گئی۔نیول چیف کا یہ دورہ دونوں ملکوں بالخصوص دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دیگا۔