ملتان(سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ نواز کے رہنماجاوید ہاشمی نے کہا ہے میں نے ایم آئی ، جمہوریت ، آئی ایس آئی اور اداروں کی مضبوطی کی جنگ لڑی ہے ، میرے خلاف سوشل میڈیا پر مسجد میں تشدد ہونے کی مہم چلائی جا رہی ہے جو جھوٹ پر مبنی ہے یہ سوچی سمجھی خانہ جنگی پھیلانے کی سازش ہے ۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کالونی کی مسجد میں نماز جمعہ ادا کرتا ہوں جہاں کے 50 فیصد رہائشی میرے اپنے خاندان کے لوگ ہیں جبکہ باقی چینی باشندے رہتے ہیں میرے ساتھ کوئی تشدد کا واقعہ پیش نہیں آیا۔ میری پرانی تصاویر لگا کر لڑائی کا ڈرامہ رچایا جا رہا ہے میں خود افواج پاکستان کا حامی ہوں میں نے کبھی اپنے ساتھ گن مین نہیں رکھا اب تو وسائل بھی ہیں لیکن عادت نہیں ہے اور نہ ہی مجھے خوف ہے ۔خفیہ ہاتھ سمجھ لے مجھے کوئی مار بھی دے تو مجھے پروا نہیں ۔ انہوں نے کہا میں نے ضمنی انتخاب لڑا تو ختم نبوت کا معاملہ بنا کر مجھے پھانسی دینے کا مطالبہ سامنے آیا ۔ کہا جاتا ہے میں نے خفیہ شادی کی ہے میری شادی کو 50 سال ہو گئے بیٹا نہیں ہوا تو بیوی نے کئی بار کہا دوسری شادی کر لو لیکن میں ایسی باتوں پر یقین نہیں رکھتا۔ میری 6 بیٹیاں ہیں اور مجھے کوئی پریشانی نہیں ۔ 1970ء میں گلی گلی افواج پاکستان کے لئے یہاں تک کہ لاہور کی ہیرامنڈی کی طوائفوں سے چندہ اکٹھا کیا ۔ مجھے 4 ہزار تعلیمی وظیفہ ملا اسکوٹر لینے کی خواہش تھی لیکن فوج کو دفاعی فنڈ میں اپنی رقم جمع کرا دی ۔جاوید ہاشمی نے کہا بھٹو سے زیادہ کڑا وقت کسی سیاست دان پر نہیں آیا ۔