اسلام آباد(سہیل اقبال بھٹی) وزیراعظم عمران خان کی سرکاری کارپوریشنز اور اداروں میں اقربا پروری کے خاتمے اور میرٹ کی بالادستی کی کاوشوں کو سخت دھچکا لگا ہے ۔ وزیراعظم آفس میں تعینات ڈپٹی سیکرٹری روحیل عزیز قدوائی کو خلاف ضابطہ اوجی ڈی سی ایل میں جنرل منیجر سروسز ڈائریکٹوریٹ تعینات کردیا گیا ہے ۔ ایم ڈی سوئی نادرن کی تعیناتی کیلئے 24مارچ کو جاری اشتہار منسوخ کرکے تعلیمی قابلیت کی شرط تبدیل کرکے دوبارہ درخواستیں طلب کرلی گئیں ہیں۔ تعلیمی قابلیت کی شرط اور 24مارچ کو جاری اشتہار منسوخ کرنے کا مقصد من پسند شخص کو تقرری کے عمل میں شریک کرکے ایم ڈی تعینات کرانا ہے ۔ پٹرولیم ڈویژن نے نوٹس لیتے ہوئے سوئی ناردرن سے جواب طلب کرلیا ، جوائنٹ سیکرٹری وزارت آبی وسائل مرید راہیمون کو بھی خلاف ضابطہ نیپر امیں ڈیپوٹیشن پر ڈائریکٹرجنرل تعینات کردیا گیا ۔ نیپرا کے ایک ممبر کی خواہش اور کاوش پر مرید راہیمون کو نیپرا افسروں کو نظرانداز کرکے ڈی جی تعینات کیا گیا ۔ 92نیوز کوموصول سرکاری دستاویز کے مطابق روحیل عزیز قدوائی وزیراعظم آفس میں بطور ڈپٹی سیکرٹری تعینات تھے ۔ اہم شخصیت کی کاوش کے نتیجے میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے روحیل عزیز قدوائی کی خدمات پٹرولیم ڈویژن کے سپرد کیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی سیکرٹری پٹرولیم ڈویژن اسد احیاء الدین کی جانب سے روحیل عزیز قدوائی کو اوجی ڈی سی ایل میں ڈیپوٹیشن پر تعینات کرنے کی دوٹوک مخالفت کی گئی جس کے بعد روحیل عزیز قدوائی نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے اوجی ڈی سی ایل میں تعیناتی کے احکامات جاری کرالئے ۔ بااثر شخصیت کی ہدایت پر ایم ڈی اوجی ڈی سی ایل نے روحیل عزیز قدوائی کو 24جولائی کواہم ترین شعبے سروسز ڈائریکٹوریٹ کا جنرل منیجر تعینات کرنے کے احکامات جاری کروائے ۔ روحیل عزیز قدوائی نے اوجی ڈی سی ایل میں باضابطہ جوائننگ دی اور ایک اہم تقریب میں شرکت بھی کی۔ ایم ڈی اوجی ڈی سی ایل کی ہدایت پر چیف ایچ آر او ڈاکٹر غلام باقر نے روحیل عزیز قدوائی کو جی ایم کے عہدے پر تعینات کرنے کے آفس آرڈر جاری کیا۔ تین مختلف شعبوں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی کہ روحیل عزیز قدوائی کو رپورٹ کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق اوجی ڈی سی ایل کے بورڈ اور سینئرافسران میں روحیل عزیز قدوائی کی تعیناتی پر شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔ بورڈ کے تحفظات کے باعث روحیل عزیز قدوائی کو عارضی طور پر کام کرنے سے روک دیا گیا۔ آئل اینڈ گیس کی تلاش کے دوران مطلوبہ سروسز کیلئے اوجی ڈی سی ایل میں تجربہ اور قابل افسران کو نظرانداز کرکے روحیل عزیز قدوائی کو تعینات کیا گیا ۔ ایم ڈی اوجی ڈی سی ایل بورڈ آف ڈائریکٹرسے منظوری حاصل کئے بغیر روحیل عزیز قدوائی کو جنرل منیجر تعینات کرنے کے احکامات جاری کروائے ۔ ترجمان اوجی ڈی سی ایل کے مطابق روحیل عزیز قدوائی کی بطور جنرل منیجر تعیناتی کیلئے بورڈ کی منظوری لازم ہے ۔ بورڈ کی جانب سے تاحال منظوری نہیں دی گئی۔دوسری جانب وفاقی حکومت کے احکامات کے برعکس ایم ڈی سوئی ناردرن کی تقرری کی شرائط تبدیل کرنے کا انکشاف ہوا ہے ۔ وزیراعظم کی ہدایت پر سابق ایم ڈی سوئی ناردرن امجد لطیف کو برطرف کیا گیاتھا۔ ذرائع کے مطابق امیدواروں کی جانب سے درخواستیں جمع کرائی گئیں تاہم مخصوص شخص کو ایم ڈی تعینات کرانے کیلئے سوئی ناردرن بورڈ نے 24مارچ سے جاری عمل منسوخ کر کے 4اگست کو دوبارہ اشتہار جاری کرادیا جس میں ڈگری کی شرط تبدیل کردی گئیں۔