اسلام آباد (اے پی پی) سی پیک اتھارٹی کے چیئر مین لیفٹیننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ خلیجی ممالک سے بہت سی کمپنیاں گوادر فری زون میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ پیر کو یو ٹیوب چینل کو اپنے حالیہ انٹرویو میں انہوں نے کہا 2400 ایکٹر رقبہ پر پھیلے شہر کے فری زون پر بڑی پیش رفت ہوئی ہے ، شہر اور بندرگاہ کی ترقی کے لئے بڑا کام ہوا ہے اور حال ہی میں ہم نے چین کی حکومت کے تعاون سے گوادر پورٹ کی تعمیر شروع کر دی ہے جس نے پراجیکٹ کیلئے 230 ملین ڈالر دیئے ۔ گودار میں آئل سٹی کے حوالہ سے عاصم سلیم باجوہ نے کہاکہ شہر سے 30کلو میٹر دور پسنی کے نزدیک آئل ریفائنری اور آئل سٹوریج کے لئے ایک علاقہ مختص کیا جارہا ہے ، ایم ایل ون ریلوے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کی تکمیل کے بعد ریلوے لائن کے ذریعہ گوادر پورٹ سٹی کو ملک بھرسے ملا دیا جائے گا۔ ایم ایل ون پراجیکٹ سے لاہور سے کراچی تک سفری وقت کم ہو کر صرف آٹھ گھنٹے رہ جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی ترقی پر پوری توجہ دے رہی ہے ، اسلام آباد سے ڈی آئی خان تک موٹروے تقریباً مکمل ہو چکا ہے ۔