چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے کرونا وائرس کے پھیلائو کے خدشہ کے حوالہ سے فیصلہ سناتے ہوئے خواتین ‘ کم عمر اور معمولی جرائم میں ملوث قیدیوں کی ضمانت کے لئے درخواستیں دائر کرنے کا حکم دیاہے۔ اس سلسلہ میں ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری نے صوبے کے تمام سیشن ججز ‘اعلیٰ پولیس حکام‘ ڈپٹی کمشنروں‘ ڈی پی اوز کو مراسلہ بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ معمولی نوعیت کے مقدمات میں قید ملزموں کی ضمانت کی درخواستیں متعلقہ سپرنٹنڈنٹس جیل متعلقہ عدالتوں میں فوری طور پر دائر کریں۔ اس میں شبہ ہی نہیں کہ ملک بھر کی جیلوں میں قیدیوں کی تعداد کے لحاظ سے صورتحال ناگفتہ بہ ہے‘ ان جیلوں میں عمومی طور پر کھانے پینے اور صحت و صفائی کا معیاری انتظام موجود نہیں‘ اس لئے جیلوں میں کرونا وائرس کے پھیلنے کے خدشات موجود ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ کا حکم اس لحاظ انتہائی صائب اور بروقت ہے۔ لہٰذا اس پر فوری عملدرآمد کیا جانا چاہیے‘ جیلوں میں بہت سے ایسے نوعمر ‘ خواتین اور معمر افراد قید ہیں جن پر معمولی نوعیت کے الزامات ہے‘ایسے قیدیوں کی رہائی سے نہ صرف ان کو جلد انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے گی بلکہ اس سے جیلوں میں صحت و صفائی کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ اس وقت ملک میں کرونا وائرس کی روک تھام کے لئے بہت سے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور مزید اقدامات کیے جانا ضروری ہیں۔