اسلام آباد(وقائع نگار)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ خواتین اور خصوصی افراد سمیت معاشرے کے محروم طبقات کو قومی دھارے میں شامل کئے بغیر ترقی کے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کئے جا سکتے ، ہمیں ایک صحت مند اور معیاری معاشرہ کی تشکیل کیلئے عورت کو صحت، سماجی حیثیت اور معیشت کے لحاظ سے مضبوط بنانا ہو گا، مختلف شعبوں میں کامیاب خواتین کی محنت اور جدوجہد کو ماڈل کے طور پر پیش کیا جانا چاہئے ، میڈیا اور علما کرام خواتین کو ان کے حقوق دینے کے حوالہ سے شعور اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں ایوان صدر میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری، وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال، یو این ویمن کی پاکستان میں کنٹری ہیڈ شرمیلا رسول اور پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر ایندرلاکامینارا نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ تقریب میں ارکان پارلیمنٹ، غیر ملکی سفارتکاروں اور زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی خواتین نے بھی شرکت کی ۔ قبل ازیں وفاقی وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری نے ملک میں خواتین کے فعال کردار کو اجاگر کیا اور یورپی ممالک میں مسلمان خواتین کے حجاب پہننے پر پابندی کو ان معاشروں کا دہرا معیار قرار دیا۔ تقریب میں خواتین کے حقوق کے حوالہ سے دستاویزی فلم اور نغمہ بھی پیش کیا گیا۔