کراچی(صباح نیوز) بزنس مین پینل کے سینئر وائس چیئرمین میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ خواتین دنیا بھر میں ظلم کا شکار ہیں اورانھیں جان بوجھ کر پسماندہ رکھا جاتا ہے ۔یہ مسئلہ پاکستان یا دیگر ترقی پزیر ممالک تک محدود نہیں بلکہ ترقی یافتہ ممالک بھی اس سلسلہ میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔میاں زاہد حسین نے عالمی یوم نسواں کے موقع پر منعقدہ تیسری ویمن لأکانفرنس سے بحثیت گیسٹ آف آنرخطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں خواتین کے حقوق کے لئے آوازیں اٹھائی جا رہی ہیں۔ اس ضمن میں کافی کوشش بھی کی گئی ہیں مگر منزل ابھی کافی دور ہے ۔ اس وقت بھی کئی معاشروں میں خواتین کے جائیداد خریدنے پر پابندی ہے اور انھیں وراثت کے حق سے محروم رکھا جاتا ہے ۔خواتین کو ووٹ استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے ۔پاکستان میں بھی صنفی تعصب عام ہے اور انھیں ہراسمینٹ جیسے سنگین مسئلہ کا سامنا ہے ۔ یہاں خواتین سے تعلیم، صحت، کاروباراور شادی جیسے اہم معاملہ میں امتیاز برتا جاتا ہے جبکہ ریپ، استحصال، کاروکاری، قرآن سے شادی،غیرت کے نام پر قتل، ونی، دشمنیوں کے خاتمہ میں خواتین کا استعمال بھی ہوتا ہے جو قابل مزمت ہے ۔