اسلام آباد (92 نیوزرپورٹ)وفاقی وزیرسائنس اینڈٹیکنالوجی فواد چودھری نے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف کے خلاف تحریک استحقاق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کر ا دی۔تحریک استحقاق میں کہا گیا ہے کہ 14 نومبر کو خواجہ آصف نے وفاقی اور پنجاب حکومت کے نمائندوں کے بیان کو قومی اسمبلی میں توڑ مروڑ کرپیش کیا۔ خواجہ آصف نے نواز شریف کی صحت سے متعلق حکومتی نمائندوں کے موقف کو غلط طریقے سے پیش کیا،تحریک میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے میں لکھا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کو نواز شریف کی ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں تھا، خواجہ آصف کی جانب قومی اسمبلی کے فلور پر جھوٹ بولنے سے پورے ایوان کا استحقاق مجروح ہوا،لہذا غلط بیانی پر بحث اور معاملہ قومی اسمبلی کی قواعد و ضوابط کمیٹی کو بھیجا جائے ۔