راولپنڈی (نامہ نگارخصوصی)راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری "میرا شہرراولپنڈی"کے نام سے ایک مہم کا آغاز کر رہا ہے جس کا مقصدراولپنڈی شہر کو خوبصورت بنانا اور اسکی تاریخی حیثیت کو برقرار رکھنا ہے یہ شہر دو صوبوں پنجاب ، کے پی اور کشمیر کے سنگم پر واقع ہے سیاحت کے فروغ کے لیے ضروری ہے کہ اس کو متاثر کن شہر بنایا جائے ان خیالات کا اظہار صدر چیمبر ملک شاہد سلیم نے چیمبر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے کیا اس موقع پر آر سی سی آئی کے گروپ لیڈرسہیل الطاف ، سینئر نائب صدر محمد بدر ہارون، نائب صدر فیاض قریشی، سابق صدور نجم ریحان، اسد مشہدی، کاشف شبیر اور مجلس عاملہ کے اراکین و ممبران بھی موجود تھے ۔ ملک شاہد سلیم نے بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں مختلف وزرا، عامر کیانی، بشارت راجہ، راجہ حفیظ، انصر مجید ، کمشنر راولپنڈی جودت ایاز ، چیئر مین آ ر ڈی اے ، پی ایچ اے اور دیگر ضلعی حکام سے ملاقاتیں کیں ہیں جس میں راولپنڈی شہر ، خا ص طور پر مری روڈ کی خوبصورتی ، روات انڈسٹریل اسٹیٹ، راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ ، جمخانہ کلب ، شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، ٹریفک کے مسائل و تجاوزات ، پارکنگ اور راولپنڈی شہر کی تاریخی اور پرانی عمارتوں کی بحالی و خوبصورتی کے حوالے سے جاری منصوبوں پر تفصیل سے تبادلہ خیا ل کیا اور تجاویز دی ہیں انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس نے تاجربرادری کے تعاون سے شہر کو پرکشش بنانے کا بیڑا اٹھایا ہے ہم راولپنڈی کوایک مثالی اور ماڈل شہر بنائیں گے ۔