کراچی (سٹاف رپورٹر) وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر گورنر سندھ عمران اسماعیل ابراہیم حیدری میں خود سوزی کرنے والے نوجوان کے گھر گئے ، اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر و جمیل کی دعا کی۔ گورنر سندھ نے اہل خانہ کو مالی امداد کا چیک دیتے ہوئے گھر دینے کی بھی یقین دہانی کرائی، بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں گورنرسندھ نے کہا کہ نوجوان کئی عرصہ سے بے روزگار تھا، مالی تنگ دستی کی وجہ سے انتہائی افسوسناک فیصلہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اہل خانہ کی کفالت کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ متحدہ سے اتحاد قائم رہے گا، بحیثیت سیاسی جماعت ان کے کچھ تحفظات ہیں جو جلد دور کرلئے جائیں گے ۔