اسلام آباد (نامہ نگار،وقائع نگار خصوصی،92 نیوزرپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک)پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کی جیل میں طبیعت خراب ہوگئی، انہیں پولی کلینک ہسپتال منتقل کردیا گیا،ذرائع کے مطابق خورشید شاہ کا بلڈ پریشراور شوگر لیول معمول سے زیادہ اور معدے کی تکلیف بھی ہے ۔پولی کلینک کے سی سی یو میں ان کا ابتدائی طبی معائنہ کیا گیا، ذرائع کے مطابق خورشید شاہ کی ای سی جی، ٹراپ ٹی ٹیسٹ نارمل نکلا۔ہسپتال ذرائع کے مطابق شعبہ امراض قلب کے ڈاکٹرز نے خورشید شاہ کی حالت تسلی بخش قرار دے دی۔ ڈاکٹرز نے پی پی رہنما کے دیگر اہم ٹیسٹ بھی کرانے کا فیصلہ کیا جس کے لیے انھیں اسپتال میں داخل کر لیا گیا۔سنئیر پارٹی رہنماؤں قمر زمان کائرہ،اعتزاز احسن اور چودھری منظور کو خورشید شاہ سے ملاقات سے روک دیا گیا۔ پی پی رہنماؤں نے انتظامیہ سے کہا ارکان پارلیمنٹ کو ملاقات سے کیوں روک جا رہا ہے ؟خورشید شاہ سے طبیعت معلوم کر کے واپس چلے جائیں گے ۔نیب حکام نے جواب دیا کہ اس وقت کسی کو ملاقات کی اجازت نہیں دے سکتے ۔آپ لوگ کل آجائیں تو ملاقات کرادینگے ۔