لاہور،اسلام آباد،کراچی،سکھر (این این آئی،اپنے نیوزرپورٹر سے ،سٹاف رپورٹر) احتساب عدالت سکھر نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتارپیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید احمد شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روز کی توسیع کردی۔رہنما پیپلز پارٹی دل کی تکلیف کے باعث قومی ادارہ برائے امراض قلب میں زیر علاج ہیں، ریمانڈ مکمل ہونے پر ہفتہ کوانہیں بذریعہ ایمبولینس احتساب عدالت لایا گیا۔دوران سماعت خورشید شاہ کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ میرے موکل کا موبائل نیب کی تحویل میں ہے ، وہ دلوایا جائے ۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا موبائل فورنزک مکمل ہونے پر واپس کردیا جائے گا۔ جج نے خورشید شاہ سے پوچھا آپ کی طبیعت کیسی ہے ، کوئی پریشانی یا تکلیف تو نہیں۔خورشید شاہ نے کہامیری طبیعت بہتر ہے ،الحمد ﷲ فی الحال کوئی پریشانی یا تکلیف نہیں۔صحافی کے اس سوال کہ خود پر لگے الزامات پر آپ کیا کہتے ہیں؟، خورشید شاہ نے کہا 90 روز پورے ہوجائیں پھر کھل کر بات کروں گا۔ایک اور صحافی نے پوچھا آپ پرلگائے گئے الزامات مختصر ہوتے جارہے ہیں ، خورشید شاہ نے کہا آپ صحافی ہیں،الزامات کی تحقیقات کرلیں۔احتساب عدالت لاہور کے جج امجد نذیر چودھری نے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف گیپکو میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں تمام ملزمان کو سوالنامہ فراہم کر دیا،ریفرنس میں سابق ایم ڈی پیپکو طاہربشارت چیمہ کو نامزدکیاگیا جبکہ سابق سیکرٹری وزارت پانی و بجلی شاہد رفیع، سابق ڈائریکٹرز بورڈ آف گورنرز محمد سلیم عارف، ملک محمد رضی عباس ، وزیرعلی بھائیو، سابق سی ای اومحمد ابراہیم مجوکہ اور سابق ڈائریکٹر ایچ آرحشمت علی کاظمی بھی ملزمان ہیں۔ احتساب عدالت لاہور کے جج چودھری امیر محمد خان نے ماڈل ہاوسنگ انکلیوکرپشن کیس میں ملزم فرہان چیمہ اور سلیم اشتیاق کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز توسیع کر دی۔جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سابق ایم ڈی پی آئی اے اعجاز ہارون کوکل پیر کے روزاحتساب عدالت پیش کیا جائے گا۔احتساب عدالت نے ڈاکٹرعاصم اوردیگرکیخلاف 17 ارب روپے کی کرپشن سے متعلق ریفرنس کی سماعت 30نومبرتک ملتوی کردی،ہفتے کوسماعت کے موقع پربھی جیل حکام نے نامزد ملزم اقبال زیڈ احمد کوپیش نہیں کیا۔