لاہور،اسلام آباد(نمائندہ خصوصی سے ،92 نیوزرپورٹ ،ایجنسیاں )مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف وطن واپسی کیلئے بہت بے چین ہیں، میری خواہش یہ ہے کہ جب تک علاج نہیں ہو جاتا نوازشریف واپس نہ آئیں۔میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ جج ارشد ملک کا اعتراف انصاف کے منہ پر دھبہ تھا، جج ارشد ملک کے اعتراف کے بعد نواز شریف سے متعلق فیصلہ بھی ختم کردیں۔ قانون کے سامنے سب برابر ہیں۔، سی پیک کا موجد اور بانی نوازشریف ہیں،60ارب ڈالر کی سرمایہ کاری لائے ۔مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف وطن واپسی کیلئے بہت بے چین ہیں،جیسے ہی علاج مکمل ہوگا،، اگلے دن واپس آجائیں گے ، میری خواہش یہ ہے کہ جب تک علاج نہیں ہو جاتا نوازشریف واپس نہ آئیں۔حکومت نے اپنا جو نقصان 5 سال میں کرنا تھا وہ 2 سال میں ہی کر بیٹھی ، وقت آگے پیچھے ہوتا ہے لیکن مکافات عمل ہو کر رہتا ہے اور اب مکافات عمل شروع ہو چکا ہے ۔ مریم نواز نے کہا کہ میرا نہیں خیال نواز شریف آل پارٹیز کانفرنس میں جانے سے منع کریں گے ، ہم آل پارٹیز کانفرنس میں جائیں گے جبکہ اے پی سی میں پتہ چل جائے گا کہ پیپلزپارٹی ہمارے ساتھ ہے یا نہیں ۔مریم نواز نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ ہائیکورٹ کے تقدس کا خیال رکھیں۔ دریں اثنا مریم نواز کا بارہ کہو میں شاندار استقبال کیا گیا،پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ۔ مریم نواز خود گاڑی سے باہر آگئیں اور ہاتھ ہلاکر کارکنان کے نعروں کا جواب دیا، گاڑی ان کے شوہر محمد صفدر چلارہے تھے ۔مریم نواز مری سے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچیں تو کورٹ روم میں وکلا نے ان کے ساتھ سیلفیاں لیں ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت ایک خاتون کو برداشت نہیں کرسکتی، عوام کو کیسے کرے گی ۔آج عوام پر انصاف کے دروازے بند ہیں۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال، امیر مقام ، راجہ ظفرالحق، دانیال عزیز، انجم عقیل، جاوید لطیف اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے جنہیں پولیس نے دھکے دیئے ۔