کیلیفورنیا(نیٹ نیوز) فی الوقت ہسپتالوں میں آکسی میٹر بہت جامد ہوتے ہیں جنہیں انگلی پر پہنا کر جسم میں آکسیجن کی مقدار معلوم کی جاسکتی ہے لیکن اب کاغذ کی طرح لچک دار آکسی میٹر کے ذریعے جسم کے کسی بھی مقام پر خون میں آکسیجن کی مقدار نوٹ کی جاسکتی ہے ۔اس طرح سے طبی دنیا میں انقلاب آسکتا ہے کیونکہ بہت مرتبہ جسم کے کئی حصوں میں خون میں آکسیجن کی کمی بیشی معلوم کرنے سے مریض کا بہتر طورپر علاج کیا جاسکتا ہے ۔ ہم جانتے ہیں کہ ہلکے رنگت والا خون آکسیجن سے بھرپور ہوتا ہے اور انفراریڈ روشنی زیادہ جذب کرتا ہے جبکہ گہری رنگت والے خون میں آکسیجن کی مقدار کم ہوتی ہے اور وہ عام سرخ روشنی کو زیادہ جذب کرتا ہے ۔ اس طرح دو مختلف روشنی ڈال کر ہی روایتی آکسی میٹر خون میں آکسیجن کی کمی یا زیادتی کی خبر دیتے ہیں۔یونیورسٹی آف کیلی فورنیا، برکلے کے ماہرین نے لچک دار مواد پر نامیاتی ایل ای ڈی پرنٹ کی ہیں اور اس کے بعد ایک ایسا طریقہ وضع کیا جس کے تحت آر پار گزرنے والی روشنی کی بجائے منعکس ہونے والی روشنی کو استعمال کرکے خون میں آکسیجن کی مقدار معلوم کی جاسکتی ہے ۔اس میں سرخ اور انفراریڈ ایل ای ڈی اور فوٹو ڈائیوڈز لگائی گئی ہیں اور ان سب کو پلاسٹک کے لچک دار ٹکڑے پر سمودیا گیا ہے ۔ اس طرح آکسی میٹر کو جسم کے کسی بھی حصے پر رکھا جاسکتا ہے ۔اس اہم ایجاد کو کئی مریضوں پر کئی طرح سے آزمایا گیا ہے ۔ کسی کی پیشانی پر تو دوسرے مریض کے بازو پر لگا کر لچک دار آکسی میٹر کی افادیت کو پرکھا گیا ہے جو کارآمد ثابت ہوا۔