مکرمی! گزشتہ انتخابات میں بھی تحریک انصاف نے تبدیلی کا نعرہ لگایا اور عوام کو روشن مستقبل کی نوید دی کہ ملکی دولت جسے بعض سیاستدانوں نے منی لانڈرنگ کی شکل میں بیرون ملک ٹرانسفر کر دیا ہے اور اربوں کھربوں کے اثاثے اپنی آئندہ آنے والی نسلوں کے لئے بنا لئے ہیں اسے واپس لا کر ملکی معیشت مضبوط کی جائے گی جس سے عوام کو ریلیف ملے گا۔ بجلی پٹرول سستا ہو گا، بے روزگاروں کو نوکریاں ملیں گی لیکن یہ سب دعوے دھرے کے دھرے ہی رہ گئے۔ ملکی دولت تو کیا واپس آنی تھی حکومت نے الٹا عوام کی جیبوں سے پیسے نکلوانا شروع کر دیئے۔ آئے روز پٹرول کی قیمت بڑھا دی جاتی ہے جس سے مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے۔ عوام حکومت سے یہ پوچھنے میں حق بجانب ہے کہ آخر عوام کب تک قربانی دیتے رہیں گے۔ تحریک انصاف کی حکومت کم از کم عیدالاضحی پر تو عوام کو کوئی ریلیف دیتی۔ (ایم عباس امجد لاہور)