پشاور (اے پی پی)ڈپٹی کمشنرخیبرمحموداسلم نے مال بردارگاڑیوں کے ڈرائیوروں کومزیدریلیف دیتے ہوئے ضلع خیبرکی حدودمیں پاک افغان شاہراہ پرسات چیک پوسٹوں کوفی الفورختم کرنے کے علاوہ تمام چیک پوسٹوں پرجلدازجلدسولرائزسی سی ٹی وی کیمرے لگوانے کے احکامات جاری کردیے ،اس کے علاوہ عوامی شکایات کی بناء پر لائن افسرجمرودکومعطل کرکے اس کے خلاف محکمانہ کاروائی کاحکم جاری کردیا۔ڈپٹی کمشنرخیبرنے چیک پوسٹوں پرڈیوٹی کرنے والے خاصہ داراورلیوی فو رس کے اہلکاروں کوخبردار کیاکسی بھی صورت مال بردارگاڑیوں کی شکایات برداشت نہیں کی جائے گی۔انھوں نے تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرزاورتحصیلداروں کواپنی تحصیلوں کی حدود میں واقع چیک پوسٹوں کاروزانہ کی بنیادپرچیکنگ کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ڈی سی خیبرنے کہا کہ ڈرائیوروں کی شکایات درج کرانے کیلئے تمام چیک پوسٹوں پربینرزآویزاں کئے ہیں کہ وہ کسی بھی شکایت کی صورت میں نیچے دئے گئے فون نمبروں پربراہ راست یااسسٹنٹ کمشنرز/تحصیلداروں سے رابطہ کرسکتے ہیں،تاہم ڈی سی خیبرنے ڈرائیوروں کوبھی تلقین کی وہ بھی اگرکسی کوپیسے دیتے پائے گئے توان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔