پشاور(خبرنگار،مانیٹرنگ ڈیسک) خیبر پختونخوا اسمبلی نے منرل سیکٹر گورننس بل 2019ء سمیت خیبر پختونخوا لوکل گورنمنٹ دوسرا ترمیمی بل 2019ء بل منظور کرلیا جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے اسمبلی کی کارروائی بلڈوز کرنے پر احتجاج کرتے ہوئے سپیکر ڈائس کے سامنے جمع ہوکر نعرے بازی کی اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑدیں۔صوبائی اسمبلی میں وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد خان نے جب منرل سیکٹر گورننس بل 2019ایوان میں پیش کیا تو متحدہ مجلس عمل کے عنایت اللہ نے کہا کہ حکومت کس طرح قانون سازی کررہی ہے ،بل کی کاپیاں بھی ممبران کو نہیں دی گئیں تو کس طرح اس میں ترامیم تجویز کریں گے ۔ اپوزیشن جماعتوں نے اسمبلی ایجنڈے کو پھاڑ کر سپیکر ڈائس کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے نعرہ بازی کی ، حکومت اور سپیکر کے خلاف بھی نعرہ بازی کی گئی۔ وزیر قانون نے صوبائی محتسب کی سالانہ رپورٹ2017بھی ایوان میں پیش کر دی ۔ دریں اثنا اپوزیشن جماعتوں نے ترقیاتی فنڈز میں نظر انداز کرنے پرگزشتہ روز وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ وزیر قانون اور وزیر صحت نے اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کرکے ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔