پشاور(خبرنگار)خیبر پختونخوا اسمبلی میں خواتین کے مسائل کو اجاگر اور قانون سازی کے لئے قائم کاکس کے غیر فعال ہونے پر اپوزیشن جماعتوں کی خواتین ایم پی ایز مستعفی ہوگئیں، اپوزیشن کی خواتین ایم پی ایز نے استعفے سپیکر کو بھیجوا دئیے ،اپوزیشن خواتین ایم پی ایز نے الزام عائد کیا کہ کاکس اپنے مقاصد سے ہٹ کر باہر ملکوں کے دوروں کیلئے استعمال ہو رہا ہے ، کاکس کی صدر ایوان میں بھی نہیں آتیں،اسمبلی اجلاس شروع ہوتے ہی پیپلزپارٹی کی نگہت اورکزئی نے کہا کہ کاکس خواتین کے مسائل اجاگر کرنے اور خواتین سے متعلق قانون سازی کرنے کیلئے تشکیل دیا گیا تھا مگر وہ غیر فعال ہے اٹھارہ ماہ گزر گئے کاکس کا کوئی کردار نظر نہیں آیا اور نہ ہی اس کے اجلاس منعقد ہوتے ہیں ۔ صدر ملیحہ اصغر ہیں جو ایوان میں بھی نہیں آتیں اس لئے اپوزیشن جماعتوں کی ساری خواتین جن کے پاس عہدے ہیں اور جو صرف ممبرز سارے استعفیٰ دینے کا اعلان کر تی ہیں ،انہوں نے کہا کہ استعفے سپیکر کو بھیج دئیے گئے ہیں۔