پشاور(92نیوز)خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے صوبے کے پسماندہ اوربجلی سے محروم11اضلاع کے دوردراز علاقوں میں 332 منی مائیکروہائیڈل سٹیشنز (چھوٹے بجلی گھر)میں سے 300چھوٹے بجلی گھر کامیابی کے ساتھ مکمل کرلئے گئے جس سے گائوں قصبہ کی سطح پر پانی کے نالوں اورنہروں پر بجلی گھر قائم کرکے بجلی کی پیداوار کاعمل باقاعدگی سے شروع ہوچکاہے ۔رواں سال کے آخرتک مزید 32منی مائیکروہائیڈل سٹیشنزبھی مکمل کرلئے جائیں گے ۔ سیکرٹری محکمہ توانائی وبرقیات محمدزبیر خان نے 300منی مائیکروہائیڈل سٹیشنز مکمل ہونے کے سلسلے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے پسماندہ علاقوں میں جہاں نیشنل گرڈ کی سہولت موجود نہیں وہاں پرعوام کو بجلی کی روشنی فراہم کرناصوبائی حکومت کا ایک عظیم کارنامہ ہے ۔صوبائی حکومت ایشیائی ترقیاتی بینک کے مالی تعاون سے اس قسم کے مزید 672 چھوٹے پن بجلی گھروں کے منصوبے بھی تعمیر کرے گی جن سے 55 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی۔انہوں نے اس عزم کا اظہارکیا کہ محکمہ توانائی صوبے میں ترقی کا سفرجاری رکھتے ہوئے ان چھوٹے بجلی گھروں کو سیاحت اورہوٹلنگ کے شعبے کے فروغ کے لئے وسعت دینے پر غورکررہاہے ۔ تقریب کے دوران پراجیکٹ ڈائریکٹرمنی مائیکروہائیڈل سٹیشنز ملک لقمان خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تکمیل شدہ300چھوٹے بجلی گھروں سے مجموعی طورپر تقریباً 24میگاواٹ بجلی پیداکی جارہی ہے جبکہ رواں سال کے آخرتک مزید32منصوبوں کی تکمیل سے مجموعی طورپرکل 32میگاواٹ بجلی پیداکی جاسکے گی۔