پشاور(نیوز رپورٹر)شانگلہ سے ہری پور آنے والے کشتی کو پیش آنے والے حادثہ کے بعد چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے مسافر کشتیوں، دریائی سفر اور کشتی بانوں سے متعلق ضروری احکامات جار ی کئے ہیں،چیف سیکرٹری کے مراسلہ میں تمام کشتی بانوں کا ضلعی انتظامیہ اور مقامی پولیس سٹیشن کیساتھ اندراج لازمی قرار دیا گیا گیا ہے جبکہ مقامی پولیس کو کشتیوں میں دستیاب سیٹوں کے مطابق سواریوں کیلئے لائف جیکٹس کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، مراسلہ میں کہا گیا کہ عوام کی رہنمائی کے لئے ضروری ہدایات والے سائن بورڈز کی تنصیب مختلف مقامات پر کی جائے گی، اسی طرح کسی بھی سیلابی صورتحال میں کشتیوں کے سفر پر پابندی اور سفر کو معطل بھی کیا جائے گا، اس کے ساتھ ساتھ نجی کشتی بانوں کا مستند تیراک ہونا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے ، چیف سیکرٹری کی جانب سے ضلعی انتظامیہ اور پولیس اہلکاروں کو دریا یا جھیل میں سفر کرنے والی کشتی سے متعلق ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔