پشاور(92نیوز) خیبرپختونخواحکومت نے اپنے وسائل سے تعمیر کردہ پیہور پن بجلی گھر سے پیدا ہونے والی 18 میگا واٹ بجلی ویلنگ ماڈل کے ذریعے صنعتوں کو سستے داموں فروخت کرنے کامعاہدہ کرلیا ہے ۔محکمہ توانائی و برقیات خیبرپختونخوا اور صنعتکاروں کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب وزیراعلیٰ ہا ؤس پشاور میں ہوئی۔ان صنعتی یونٹس میں گدون ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ ، چراٹ پیکجنگ لمیٹڈ، اے جے ٹیکسٹائل لمیٹڈ، پریمیئر چپ بورڈ انڈسٹریز لمیٹڈ اور چراٹ سیمنٹ کمپنی شامل ہیں۔ معاہدے کی رو سے صوبائی حکومت صنعت کاروں کو 7.50 روپے فی یونٹ بجلی فراہم کرے گی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ صوبے میں صنعت اور سرمایہ کاری کا تیز ترفروغ صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے ، حکومت کے اپنے وسائل سے پیدا کردہ 72 میگا واٹ بجلی نیشنل گریڈ میں پہلے سے شامل کر چکے ہیں جس سے صوبے کو 1.9 ارب روپے سالانہ آمدنی آئے گی، صنعت کاروں کو ویلنگ ماڈل کے ذریعے سستی بجلی فراہم کرنے سے سالانہ 305 ملین روپے آمدنی ہوگی۔