پشاور(ذیشان کاکاخیل )محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا ایک خاتون پر مہربان ہوگیا ،جنہیں محکمہ تعلیم کی 5 اہم اسامیوں کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہیں ،ذرائع کے مطابق ایس ایس ٹی سکول ٹیچر رخسانہ عزیز کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر ای ایم آئی ایس،مانیٹرنگ آفیسر ای ایس آر یو،فوکل پرسن برائے ای سی ای ، پلاننگ آفیسر پلاننگ سیل اور ڈپٹی سیکرٹری مانیٹرنگ کی ذمہ داری دی گئی ہیں ،یہ ذمہ داریاں تمام مینجمنٹ کیڈر کی ہیں جبکہ موصوفہ کا تعلق ٹیچنگ کیڈر سے ہے ۔ذرائع کے مطابق اس صورتحال میں محکمہ تعلیم کو بیرون ملک سے ملنے والی امداد کا صحیح استعمال ، سکولوں کی مانیٹرنگ اور محکمہ تعلیم میں اصلاحات لانا مشکل ہو گیا ہے ۔رابطہ کرنے پرمشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے بتایا کہ میرے علم میں ایسی کوئی بات نہیں، انہوں نے سیکرٹری کو کام تیز کرنے کی ہدایت کی جس کیلئے وہ اپنی ٹیم بنارہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اس خاتون کو ذمہ داریاں دی گئی ہونگی،انہوں نے بتایا کہ وہ اس وقت صوبے سے باہر ہیں اور واپس آکر حکام سے جواب طلب کرینگے ۔