پشاور(نیوز رپورٹر)وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا ۔جس میں خیبر پختونخوا سول سرونٹس ایکٹ 1973 میں ترامیم کرکے پنشن کی عمر60 سے 63سال کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے ،ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر 63سال کرنے سے ہر سال صوبے کو تقریباً 24ارب روپے بچت ہو گی۔اجلاس کے بعد میڈیابریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے صو بہ بھر میں پولی تھین بیگزکے خاتمے کیلئے 15 روزہ ڈیڈلائن دیدی ہے ۔ کابینہ نے لینڈ ایکوزیشن ایکٹ کے سیکشن1 4میں ترمیم اور سیکشن 56کے اضافے ، خیبر پختونخوا جرنلسٹ ویلفیئر انڈومنٹ فنڈ (ترمیمی) بل 2019 کی منظوری دے دی ہے ۔ جسکے تحت دو مہینوں تک بے روزگار صحافیوں کو گزارا الائونس دیا جائے گا ۔تمام ضلعی زکوۃ کمیٹیوں کی تحلیل اور رزمک کیڈٹ کالج ایمپلائز سروس رولز2019ء کی بھی منظوری دی گئی ہے ۔