بیجنگ ، اسلام آباد ،راولپنڈی ، لاہور،پشاور (خبر نگار خصوصی ، نامہ نگار خصوصی ، جنرل رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز رپورٹر ) چین میں کرونا وائرس سے مزید 57 افراد ہلاک ہو گئے ، ہلاکتوں کی تعداد 360 سے تجاوز کر گئی جبکہ 2829 نئے کیسز سامنے آنے سے متاثرہ افراد کی تعداد 17ہزار سے زائد ہو گئی ،پاکستان اور چین کے درمیان فضائی آپریشن بحال ہو گیا ،چین سے چار پروازوں کے ذریعے 40 طلبا سمیت 226 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے ، پاکستان میں چینی سفیر یاؤژنگ نے کہا کہ ووہان کے سوا چین کے دیگر شہروں سے پاکستانیوں کوواپس بھیجا جائے گا، محکمہ ریلیف نے کرونا وائرس کے پیش نظرخیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ۔تفصیلات کے مطابق چینی حکام نے بتایا کہ 56 افراد سب سے زیادہ متاثرہ صوبے ہوبئی میں ہلاک ہوئے ، ایک شہر چونگ چنگ میں ہلاک ہوا، شہر وین ژو میں آمدورفت پر پابندی عائد کر دی گئی ، چین میں متاثرہ خاتون کے ہاں بچی کی پیدائش ہوئی لیکن بچی کر ونا وائرس سے محفوظ ہے ۔ چین کے بعد سب سے زیادہ 20 کیسز جاپان میں رپورٹ ہوئے ، تھائی لینڈ 19 ، امریکہ میں 9 افراد میں کرونا وائرس پایا گیا۔فرانسیسی حکام کا کہنا ہے ووہان سے لوٹنے والے 20 افراد میں کرونا کی علامات پائی گئیں ، ویتنام میں مزید تین کیسز سامنے آ گئے عراق نے چین سے آنیوالے تمام غیرملکیوں کا ملک میں داخلہ بند کردیا ۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق دو پروازیں چین سے براہ راست اور ایک پرواز دوحا سے اسلام آباد پہنچی ہے ، ان پروازوں کے ذریعے 226 پاکستانیوں سمیت 288 مسافر اسلام آباد پہنچے ۔ائیرپورٹ ان کا میڈیکل چیک اپ اور سکینگ کی گئی ،کسی مسافر میں کرونا وائرس نہیں ملا ۔ معاون خصوصی برائے صحت نے اسلام ایئر پورٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مسافروں کی سکریننگ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ظفر مرزا کا کہنا تھا حکومت ہنگامی صورتحال کیلئے تیار ہے ، قومی ادارہ برائے صحت نے کرونا وائرس کی تشخیص کیلئے ٹیسٹ کا آغاز کردیا ہے جبکہ چینی سفیر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ 14 روز کی سکریننگ کے بغیر کوئی بھی پاکستانی وطن نہیں آ سکے گا، پاکستان میں کرونا وائرس کا کوئی کیس نہیں، 7 مشتبہ افراد کلیئر ہیں ، چین سے آنے والوں میں بھی کوئی مشتبہ شخص شامل نہیں ۔اس موقع پر چینی سفیر کا کہنا تھا چیلنج سے نمٹنے کی کوشش کر رہے ہیں ، پر امید ہیں اس وبا سے نمٹ لیں گے ، پاکستان کی حمایت کو سراہتے ہیں ، چین میں پاکستانی شہریوں کو اپنا ہم وطن سمجھتے ہیں ، پاکستانی طلبا اور شہریوں کو ہر قسم کی معاونت فراہم کی جارہی ہے اور مشکل حالات میں ساتھ دینے پر پاکستان اور دیگر ممالک کے مشکور ہیں۔چین سے آنے والا طالبعلم عمر خیام پھٹ پڑا اور کہا کہ پاکستان کا سفارتخانہ، حکومت کچھ نہیں کررہے ۔ ایک اور طالبعلم حسن نے کہا کہ ہمارے ساتھ چین کی حکومت بہت تعاون کرتی رہی ہے ۔ چین سے آئے خیر پور کے طالبعلم شاہ زیب راہوجوکی طبیعت ناساز ہو گئی جسے آئسو لیشن وارڈ منتقل کردیا گیا۔ چین میں چھٹی پر گئے تھرکول کے 700چینی شہریوں کی واپسی روک دی گئی ہے ، واپسی کو دونوں ممالک کے کلیئرنس سرٹیفکیٹ سے مشروط کر دیا گیا ۔ چین میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کے علاج کیلئے بائیر نے تقریباً 15لاکھ یورو کی امدادی ادویات اور نقد رقم عطیہ کی ہے ۔ روس نے کرونا وائرس سے متاثرہ غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنیکا اعلان کیا ہے ۔ محکمہ ریلیف نے کرونا وائرس کے پیش نظرخیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے ،محکمہ ریلیف بحالی و آبادکاری کی جانب سے محکمہ صحت کو عوام کو کرونا وائرس کے خطرات سے محفوظ رکھنے ، تیاری اور رسپانس کے لئے انتظامات مکمل کرنے کے لئے مراسلہ ارسال کر دیا گیا،محکمہ کے مطابق ایمرجنسی وفاقی حکومت کی جانب سے ہدایت پر نافذ کی گئی ہے ۔