لاہور(احتشام الحق) دورہ نیوزی لینڈ میں موجود قومی کرکٹ سکواڈ کو تیسرے کورونا ٹیسٹ منفی آ نے کے بعد آج سے پاکستانی ٹیم کوگراؤنڈ میں ٹریننگ کرنے کی اجازت دیئے جانے کاامکان ہے ،نیوزی لینڈ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کرائسٹ چرچ نیوزی لینڈ میں موجود قومی سکواڈ کی چھٹے روز تیسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کے نتائج موصول ہوگئے ہیں ۔قومی ٹیم کے چھٹے روز لئے گئے 46 ارکان کے کورونا ٹیسٹ میں سے 42ارکان کے ٹیسٹ تیسری بار بھی منفی آگئے ۔ نیوزی لینڈ ہیلتھ اتھارٹی کے مطابق سکواڈ کے ایک رکن کا ٹیسٹ نتیجہ آنا باقی ہے جبکہ دیگر تین ارکان کے بارے دیکھا جا رہا ہے کہ کیا یہ کورونا ہسٹری والے تو نہیں ہیں۔ہیلتھ اتھارٹی کے مطاق سکواڈ کے کھلاڑیوں کی ٹریننگ کی اجازت کاانحصار کنٹر بری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے اطمینان پر ہے جس پر امکان ہے کہ کھلاڑیوں کو گروپس میں ٹریننگ کی جات مل جا ئے گی۔