کراچی (رپورٹ :ایس ایم امین) ڈیفنس کے قریب جزیرے بنڈل آئی لینڈ پرآباد کاری کے منصوبے کو حتمی شکل دیدی گئی،2600 ایکڑپرمشتمل جزیرے پر6 ہزارکے قریب کمرشل،رہائشی پلاٹ تیارکیے جائیں گے ،پاکستانی پراپرٹی ٹائیکون اورایک غیرملکی کمپنی کے مابین مشترکہ سرمایہ کاری کا پلان حکومت کوپیش کردیا گیا،آئندہ ماہ منصوبے پرسرمایہ کاری سے متعلق اہم اعلانات متوقع ہیں۔منصوبے کی حتمی منظوری کے بعد اکتوبرمیں نئے ساحلی شہرکا سنگ بنیاد رکھا جائیگا،دوسری جانب گورنرعمران اسماعیل نئے ساحلی شہرپرسرمایہ کاری اورآباد کاری کیلئے ملکی وغیرملکی پراپرٹی ٹائیکونزکیساتھ رابطے میں ہیں اورانہوں نے سرمایہ کاروں کویقین دہانی کرائی ہے کہ منصوبے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دورکرنے کیلئے وفاقی حکومت نے ہوم ورک مکمل کرلیا،وفاقی حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ 4 سال میں مکمل ہوگا اور30 سے 35 ارب ڈالرآمدنی متوقع ہے ،منصوبے میں دنیا کی بلند ترین عمارت،سب سے بڑا شاپنگ مال،سپورٹس،ایجوکیشنل اورمیڈیکل سٹی بھی تعمیرکیا جائیگا،نئے ساحلی شہرکو 6 رویہ پل کے ذریعے ڈی ایچ اے کراچی سے جوڑا جائیگا۔