Common frontend top

آ ٹا بحران برقرار ، 3 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنیکی منظوری۔کھادسستی کرنے کافیصلہ

منگل 21 جنوری 2020ء





اسلام آباد، لاہور،کراچی (خصوصی نیوز رپورٹر ،سپیشل رپورٹر، کامرس رپورٹر ، سٹاف رپورٹر ، رپورٹر92نیوز ،ایجنسیاں ) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے آٹے کی قلت سے نمٹنے کے لئے 3 لاکھ ٹن گندم بغیر ریگولیٹری ڈیوٹی درآمد کرنے کی منظوری دے دی جبکہ ملک میں آٹے کابحران کم نہ ہو سکا جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے ، ا ی سی سی نے کھاد سستی کرنیکی فیصلہ کیا ہے ، پٹرولیم ڈویژن نے گیس 214 فیصد تک مہنگی کرنے کی سمری ای سی سی کو ارسال کر دی ۔تفصیلات کے مطابق مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی سربراہی میں کمیٹی کے اجلاس میں 31 مارچ تک گندم کی درآمد کی اجازت دی گئی، اجلاس میں پنجاب اور پاسکو کو اپنے ذخائر سے گندم فوری ریلیز کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے ، حکام نے ای سی سی کو بتایا کہ پاسکو اور پنجاب کے پاس 41 لاکھ ٹن گندم کے ذخائر موجود ہیں، درآمدی گندم کی پہلی کھیپ 15 فروری تک پہنچ جائے گی،ای سی سی نے ہدایت کی تین لاکھ ٹن گندم 31 مارچ تک پاکستان پہنچ جانی چاہیے ۔ اجلاس میں اس بات پر مشاورت ہوئی کہ یوکرائن سے گندم جلد پاکستان لائی جاسکتی ہے ،اجلاس میں فرٹیلائزر سیکٹر کیلئے گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سرچارج ختم کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی جس سے یوریا کی قیمت میں 400 روپے بوری کم ہو گی ۔ ای سی سی نے وزارت توانائی کی درخواست پر پاور ہولڈنگ لمیٹڈ کے ذریعے 200 ارب روپے حاصل کرنے کی اجازت دیدی، ساورن گارنٹیز جاری کرنے کے طریقہ کار ، کاٹن سیڈ کیک کو 5 فیصد سیلز ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینے کی رپورٹ ،نیشنل بک فاؤنڈیشن کے لئے 96.652 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ ، کیپیٹل ٹیریٹری میں پروکیورمنٹ کے نظام کو مرکزی دھارے میں لانے کیلئے 15 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ ، اقوام متحدہ کے امن مشن میں کام کرنے والے سول آرمڈ فورسز کے اہلکاروں کیلئے الائو نس کی مد میں 458 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ وزیر اعظم میڈیا آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم سے مخدوم خسرو بختیار اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے ملاقات کی۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے یوریا کی بوری پر جی آئی ڈی سی ختم کرنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے جبکہ آ ٹے کی قلت کے باعث شہری آٹے کیلئے خوار ہوتے رہے ا نہوں نے صورتحال پر شدید احتجاج کیا۔ادھر پنجاب میں بھی سپر فائن آٹا نایاب ہو گیا جس سے نان بائی اور تندور والے کم کوالٹی کے آٹے سے بنی روٹی کی فروخت پر مجبور ہو گئے ۔ خیبرپختونخوا میں نان بائی ایسوسی ایشن نے پشاور سمیت مختلف شہروں میں ہڑتال کر دی ۔ لاہور میں چکی کا آٹا 70 روپے ،ملتان میں 64 روپے فی کلو بکنے لگا ، کوئٹہ میں آٹے کا 20 کلوگرام کا تھیلا 20 روپے اضافے کے بعد1100روپے کا ہو گیا ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے گندم کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آج سندھ بھرمیں آپریشن شروع کرنے کا حکم دیا ہے ،آپریشن میں پولیس اور رینجرز کے اہلکار حصہ لیں گے ، اس بات کا فیصلہ ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔ وزیراعلیٰ جام کمال نے بحران کا نوٹس لیتے ہوئے تمام کمشنرز وڈپٹی کمشنرز کو گندم کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کر دی اور افغانستان سمگلنگ ہونے والے آٹے پر فوری پابندی عائد کرتے ہوئے سمگلنگ کی روک تھام کو یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ۔راولپنڈی شہر و چھا ئونی کے بازاروں میں20کلو گرام کا تھیلا مکمل طور پر ناپید ہوچکا ہے جبکہ 15کلو گرام تھیلے کی قیمت 1ہزار روپے جبکہ10کلو گرام آٹے کا تھیلا بھی 700روپے تک پہنچ گیا اسی طرح چکی کا آٹا 75روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگا ۔ ہزارہ ڈویژن میں 100 گرام روٹی کی قیمت10روپے جبکہ 200گرام روٹی کی قیمت 20روپے مقرر کردی گئی ، نئی قیمت مقرر ہونے پر نانبائی ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کردی ۔پٹرولیم ڈویژن کی سمری میں گھریلو صارفین کیلئے میٹررینٹ میں 300 فیصد اضافے کی تجویز پیش کی گئی جس کے بعد گھریلو صارفین کیلئے میٹر رینٹ20 روپے سے بڑھ کر 80 روپے ہو جائے گی۔ تجویز میں کہا گیا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم فروری سے کیا جائے ۔ فیصل آباد میں ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈائون میں دکاندار سمیت 8گرفتارکر لئے گئے ۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں