لاہور،ملتان(کرائم رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت کے 2 سال میں پنجاب میں 5 آئی جی تبدیل کردیئے گئے ،کلیم امام صرف 3 ماہ آئی جی پنجاب رہے ، کلیم امام 13 جون سے 7 ستمبر 2018 تک آئی جی پنجاب رہے ، ایم طاہر صرف ایک ماہ آئی جی پنجاب کے عہدے پررہے ، ایم طاہر7 ستمبر سے 9 اکتوبر 2018 تک آئی جی پنجاب رہے ،امجد جاویدسلیمی 6 ماہ آئی جی پنجاب رہے ، امجد جاوید سلیمی9 اکتوبر 2018 سے 15 اپریل 2019 تک آئی جی رہے ،کیپٹن (ر) عارف نواز خان 7 ماہ آئی جی کے عہدے پررہے ،عارف نواز15 اپریل سے 26 نومبر2019 تک آئی جی پنجاب رہے ، شعیب دستگیر 26 نومبر 2019 کوآئی جی پنجاب تعینات ہوئے ،شعیب دستگیر 8 ستمبر 2020 تک آئی جی پنجاب رہے ،شعیب دستگیر کی بطور آئی جی پنجاب تعیناتی کی مدت 9 ماہ 11 دن رہی۔علاوہ ازیں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب تعینات ہونے والے انعام غنی کا شمارپاکستان پولیس سروس کے انتہائی پروفیشنل، قابل ، ایماندار اور فرض شناس پولیس افسران میں ہوتا ہے ۔ انعام غنی ان دنوں ایڈیشنل آئی جی سائوتھ پنجاب کے عہدے پر فرائض سر انجام دے رہے تھے جبکہ وہ اس سے قبل ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب کے عہدے پر بھی تعینات رہ چکے ہیں ۔آئی جی پنجاب، انعام غنی کا تعلق خیبر پختوا کے ضلع مالاکنڈ سے ہے انہوں نے 1989میں بطوراے ایس پی پولیس سروس پاکستان جوائن کی ۔ انکا تعلق 17ویں کامن سے ہے ۔انہوں نے ایم اے پولیٹیکل سائنس، ایل ایل بی اور ایل ایل ایم کی ڈگریاں حاصل کر رکھی ہیں ۔کیرئیر کے آغاز میں انعام غنی نے CSAاورنیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد میں خدمات سر انجام دیں جس کے بعد اے ایس پی (UT)، اے ڈی او ایف سی ، اے ایس پی پیپلزکالونی فیصل آباد،اے ایس پی سٹی فیصل آباد،اے ایس پی نواں کوٹ، لاہور کے عہدوں پر فرائض سر انجام دئیے جس کے بعد انہوں نے یو این مشن پرموزمبیق میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے خدمات سر انجام دیں ۔ وطن واپسی پر انعام غنی نے بطور ایس پی سائٹ ڈویژن ویسٹ کراچی ، ڈی پی او ہری پور، ڈی پی او کرک ، ڈی پی او صوابی، ڈی پی او مانسہرہ، ڈی پی او چارسدہ، ایس ایس پی آپریشنز پشاور، ایس پی ہیڈ کوارٹر اسلام آباداورایس ایس پی سکیورٹی اسلام آبادکے عہدوں پر فرائض سر انجام دئیے ۔اس کے علاوہ انہوں نے ڈائریکٹر ایف آئی اے (این ڈبلیو ایف پی) ، ڈائریکٹر ایف آئی اے ایڈمن (ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر اسلام آباد)، ڈائریکٹر ایف آئی اے پنجاب ، ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد، ڈائریکٹر ایف آئی اے خیبر پختوانخوا ، کمانڈنٹ ایف آئی اے اکیڈمی ، ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد، ڈائریکٹنگ اسٹاف نیشنل سکول آف پبلک پالیسی لاہور، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل آئی بی اسلام آبادکے عہدوں پر فرائض سر انجام دئیے ۔ ایڈیشنل آئی جی پروموشن کے بعد انعام غنی نے بطور ایڈیشنل آئی جی آپریشنز سی پی او لاہور کے عہدے پر تعینات رہے جبکہ کچھ عرصہ قبل انہیں بطور ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا جہاں وہ اپنے فرائض ادا کرر ہے تھے ۔ انعام غنی نے آفیسر آن سپیشل ڈیوٹی امریکہ،قونصلر لیبر اینڈ کمیونٹی ویلفیئر ایمبیسی آف پاکستان کویت میں بھی وطن عزیز کی نمائندگی کرتے ہوئے فرائض سر انجام دئیے ۔اپنے طویل کیرئیر کے دوران انعام غنی نے ملنے والی ہر ذمہ داری کو بھرپور لگن ، محنت اور فرض شناسی کے ساتھ ادا کیا۔انعام غنی کا شمار پنجاب پولیس کے نہایت پروفیشنل ، منجھے ہوئے اور تجربہ کار بہترین افسران میں ہوتا ہے ۔