اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کو آگاہ کرنے کی ضرورت ہے کہ کرپشن اور ان کی زندگی کا آپس میں کیا تعلق ہے ، شعور نہ ہونے کی وجہ سے لوگ کرپٹ لوگوں پر بھی پھول پھینکتے اور ان کے لئے زندہ باد کے نعرے لگاتے ہیں، ان لوگوں کو یہ سمجھ نہیں ہے کہ ملک کا پیسہ چوری ہونے سے صرف حکومت یا قومی خزانے کو نہیں بلکہ پوری قوم کو نقصان ہوتا ہے ، کرپشن کے خلاف جہاد میں پوری قوم شریک ہو، ماضی میں وہ پیسہ جو عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہونا تھا، منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر لے جا کر محلات بنائے گئے ، کک بیکس اور کمیشن کے لئے ایسے منصوبے شروع کئے گئے جن کی ضرورت ہی نہیں تھی، کرپٹ قومیں کبھی ترقی نہیں کر سکتیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر پنجاب حکومت کی طرف سے اینٹی کرپشن ایپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ہدایت کی کہ وہ پنجاب حکومت کی کارکردگی سے عوام کو آگاہ کریں، باالخصوص کرپشن کے خلاف اقدامات کو اجاگر کریں۔انہوں نے کہا اس وقت دنیا میں جو ملک تیزی سے ترقی کر رہے ہیں، ان میں چین سرفہرست ہے ، چینی صدر کی مقبولیت کا راز یہ ہے کہ انہوں نے گزشتہ پانچ چھ سالوں میں چار سو سے زائد اعلیٰ حکومتی شخصیات کو کرپشن پر جیل میں ڈالا اور احتساب کیا۔ وزیراعظم نے کہا اس وقت بیروت، چلی اور عراق سمیت کئی ممالک میں عوام کرپشن کے خلاف سڑکوں پر نکلے ہوئے ہیں، دنیا کو احساس ہو گیا ہے کہ کرپشن سے معاشرے اور قومیں ترقی نہیں کر سکتیں۔ وزیراعظم نے کہا وسائل کا کسی ملک کے غریب یا امیر ہونے سے تعلق نہیں کیونکہ سوئٹزرلینڈ جس کے پاس وسائل کم ہیں، وہ امیر ترین ملک ہے جبکہ اس کے مقابلے میں نائیجریا بے تحاشہ وسائل کے باوجود غریب ہے ۔ انہوں نے کہا دنیا کے جدید اور ترقی یافتہ معاشرے کرپشن کے خاتمے پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں اور اسے برداشت نہیں کرتے ، امریکہ میں 30 سال بعد بھی اگر کسی کی کرپشن نکل آئے تو اسے پکڑ لیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کرپٹ لوگ اپنا پیسہ پکڑے جانے کے ڈر سے بیرون ملک بھجوا دیتے ہیں اور ڈالروں میں منی لانڈرنگ کے ذریعے منتقل کرتے ہیں جس سے ملکی معیشت شدید متاثر ہوتی ہے اور مقامی کرنسی کی قدر بھی گر جاتی ہے جس سے مہنگائی ہو جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کرپٹ حکمران ایسے منصوبے بناتے ہیں جو کک بیکس اور کمیشن کے لئے ہوتے ہیں، ملتان میں میٹرو بس سروس وہاں کے عوام کا مطالبہ تھا نہ ہی ضرورت لیکن کک بیکس اور کمیشن کے لئے ایسے منصوبے شروع کئے جاتے ہیں، کرپٹ لوگ عوام کے دشمن ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایک احمقانہ بات یہ سننے کو ملتی ہے کہ کھاتا ہے تو لگاتا بھی ہے ، یہی احمقانہ سوچ ہمارے پیچھے رہ جانے کی بنیاد ہے ۔ انہوں نے کہا جو پیسہ عوام پر خرچ ہونا تھا، اسے منی لانڈرنگ کر کے بیرون ملک لے جایا گیا اور محلات بنائے گئے ، قوم کو کرپشن کے خلاف جہاد میں شریک ہونا چاہئے ۔این این آئی کے مطابق وزیراعظم نے پنجاب میں کرپشن کے خلاف کارکردگی کو متاثر کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب اقدامات کی تشہیر کریں۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے نسٹ میں نیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم تعلیم کے شعبہ میں بہت پیچھے رہ گئے ، ماضی میں میرٹ نہ ہونے کی وجہ سے ملکی ترقی رک گئی ، جہاں جمہوریت تھی ،وہ ملک آ گے چلے گئے ، ہمارے پاس بادشاہت تھی جس کی وجہ سے ہم پیچھے رہ گئے ۔وزیر اعظم نے کہا اللہ نے انسان کو بے پناہ طاقت سے نوازا ہے ، اللہ جتنا آپ کو نوازتا ہے اتنی ہی آپ پر ذمہ داری ڈالتا ہے ۔ انھوں نے کہا مجھے کہا گیا آپ سائنس و ٹیکنالوجی کو سنجیدہ نہیں لیتے ، فواد چودھری کو سائنس و ٹیکنالوجی کا وزیر بنا دیا گیا، اچھے کپتان کو پتا ہوتا ہے ، کس کھلاڑی کو کس نمبر پر کھلانا ہے ، اس شعبے کیلئے فواد چودھری کی کوشش کو سراہتا ہوں۔انہوں نے کہا ہمیشہ اپنے دل کی سنو اور جنون صرف دل میں ہی ہوتا ہے ، اگر ٹیلنٹ اور جنون کا مقابلہ ہو تو جنون اس کو ہرا دیتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا جب آپ کشتیاں جلا کر آگے نکلتے ہیں تو کوئی پلان بی اور سی نہیں ہوتا اور زندگی میں کوئی شارٹ کٹ نہیں، جو انسان کامیاب ہوتا ہے ، وہ برے وقت میں خود کو سنبھالتا ہے اور جب تک آپ ہار نہیں مانیں گے تو آپ کو کوئی ہرا نہیں سکتا۔وزیراعظم نے کہا ہر برا وقت آپ کو اوپر جانے کیلئے تیار کرتا ہے ۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان نے کہا جمہوریت میں فیملی سسٹم جمہوریت کی نفی ہے ، فیملی سسٹم کی وجہ سے 11 سال ایک پارٹی کا چیئرمین رہنے والا تھیوری لے کر آتا ہے کہ جب بارش ہوتی ہے تو پانی آتا ہے ۔انہوں نے کہا کچھ دن پہلے بھی اے ، بی اور سی پلان ہوا تھا اور اب زیڈ پر چلا گیا۔ وزیراعظم نے تعلیم کو ہمیشہ خصوصی توجہ دینے پر بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی بھی تعریف کی۔ اس افتتاحی تقریب کے بارے میں آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈٹیکنالوجی( نسٹ) کے فلیگ شپ پراجیکٹ نیشنل سائنس اینڈٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ چیف آف آرمی سٹاف ، چیئرمین بورڈ آف گورنرز (بی او جی) نے نسٹ پہنچنے پر وزیر اعظم کا استقبال کیا۔بیان کے مطابق اس پروگرام سے حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے حالیہ "کامیاب پاکستان" پروگرام کو آگے بڑھایا جائے گا۔مزیدبرآں وزیرِ اعظم نے معاشی ٹیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ معیشت کے حوالے سے حل طلب معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے ۔وزیرِ اعظم نے کہا بعض مخصوص عناصر کی جانب سے ذاتی مفادات کی خاطر ملکی معیشت جیسے اہم قومی معاملے پرغلط بیانی پر مبنی اور گمراہ کن پراپیگنڈہ کیا جانا افسوس ناک ہے ۔ انہوں نے کہا ایسے مافیا کا مقابلہ کرنے کے لئے ضروری ہے کہ حقائق پر مبنی معلومات کی عوام تک رسائی کو یقینی بنایا جائے ۔ دریں اثناء وزیراعظم سے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے ملاقات کی۔