اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے کہا ہے کہ حکومت مشاورتی عمل کے ذریعے ملکی معیشت کے استحکام اور پائیداراقتصادی بڑھوتری کے اہداف کوحاصل کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔گزشتہ روز وزیرخزانہ شوکت ترین سے پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرناجی بن حسائن نے خیرسگالی ملاقات کی۔ وزیرخزانہ نے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرسے گفتگو میں کہاکہ عالمی بینک برسوں سے پاکستان میں ادارہ جاتی اصلاحات اورانسانی سرمایہ کی ترقی کے ذریعے اسلوب حکمرانی اورخدمات کی فراہمی میں اہم کرداراداکرتا چلاآرہاہے ۔وزیرخزانہ نے کوویڈ 19 سے متاثرہ معیشت کی بحالی میں عالمی بینک کی بروقت معاونت کی تعریف کی۔ عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرنے وزارت خزانہ کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر وزیرخزانہ شوکت ترین کومبارکباددی ۔ کنٹری ڈائریکٹر نے پاکستان میں عالمی بینک کے جاری منصوبوں اورپروگرام کی تکمیل میں معاونت فراہم کرنے پرحکومت پاکستان کا شکریہ اداکیا۔وزیرخزانہ نے کہاکہ مالی استحکام، خدمات کی بہتری اوربہتراسلوب حکمرانی کے اہداف کے حصو ل میں بڑے ترقیاتی شراکت دارکی حیثیت سے عالمی بینک کی مسلسل حمایت کلیدی اہمیت کی حامل ہے ۔دریں اثناوزیرخزانہ سے چیئرمین ایس ای سی پی عامرعلی خان نے ملاقات کی اورکاروباراورتجارت کے فروغ کیلئے ایس ای سی پی کی جانب سے ڈیجیٹائزیشن اور اس مد میں کئے جانیوالے دیگر اقدامات سے آگاہ کیا۔چیئرمین ایس ای سی پی نے وفاقی وزیرکوکمیشن کے طریقہ ہائے کاربارے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ مالیاتی ریگولیٹری ایجنسی ہونے کے ناطے کمیشن ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ، اقتصادی بڑھوتری میں اضافے اورملک کی خوشحالی کیلئے کام کررہاہے ۔اس موقع پروزیرخزانہ نے ایس ای سی پی کے اقدامات کوسراہتے ہوئے کہا کہ ملک میں کاروباردوست ماحول کویقینی بنانے کیلئے حکومت ایس ای سی پی کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔