اسلام آباد(آن لائن) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سیکرٹری جنرل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم سمجھتی ہے کہ ناموس رسالت ہر مسلمان کے عقیدے کا بنیادی جز ہے ، کوئی مسلمان اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتا ۔ اپنے پالیسی بیان میں انہوں نے کہا حالیہ چند دنوں میں ہونے والے پرتشدد واقعات ہر پاکستانی کے لئے باعث تشویش اورافسوس ہیں ۔ انہوں نے کہا پی ڈی ایم ہر قسم کے تشدد کی شدید مذمت کرتی ہے ، ملک میں امن وامان قائم کرنے میں حکومت کی ناکامی واضح ہوچکی ہے ، حکومتی ناکامی کی وجہ سے شہریوں اور امن وامان نافذ کرنے والے اہلکاروں کی قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ، 2017 میں بھی اسی طرح کے پرتشدد واقعات ہوئے تھے جس کے نتیجے میں اس معاملے پر سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا ۔ پی ڈی ایم زور دیتی ہے کہ پاکستان میں امن اس وقت ہی قائم ہوسکتا ہے اگر اسے آئین اور عوامی خواہشات کے مطابق چلایاجائے ۔ مزید برآں ن لیگ کے رہنما خرم دستگیر نے کہا پہلے ایک تنظیم کو کالعدم قرار دیا گیا پھر اس سے مذاکرات کیے جا رہے ہی، ایک تنظیم کو کالعدم قرار دینا انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے ، کالعدم ٹی ایل پی کے 3 ایم پی ایز ہیں، ان کا کیا کریں گے ؟ ۔