لاہور (نامہ نگارخصوصی) لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے سے روکنے کیلئے درخواست دائر کی گئی ، آصف زرداری سے ملاقات کیلئے قمر کائرہ کی درخواست پر ہوم سیکرٹری، آئی جی کو نوٹس جاری،سلمان شہباز کی العریبیہ شوگر مل کی درخواست نیب کی قرض دینے کی مخالفت نہ کرنے پر نمٹا دی۔ بیرسٹر جاویداقبال جعفری نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست میں دعویٰ کیا کہ نوازشریف کے خلاف کئی مقدمات زیر التوا ہیں اور حسین حقانی کی طرح بیرون ملک جاکرواپس نہیں آئیں گے ۔ اس لیے عدالتی فیصلہ آنے تک نوازشریف کوبیرون ملک جانے سے روکنے کا حکم دیاجائے ۔ لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کی العریبیہ شوگر مل کی درخواست نیب کی قرض دینے کی مخالفت نہ کرنے پر نمٹا دی۔ جسٹس جواد حسن نے العربیہ شوگر ملز کی سکیورٹی ایکسچینج آف پاکستان کے خلاف درخواست کی سماعت کی ۔ لاہور ہائیکورٹ نے درخواست نیب کے مخالفت نہ کرنے کی بنیاد پر نمٹا دی۔ پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے درخواست میں آصف علی زرداری سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا۔عدالت نے ہوم سیکرٹری، آئی جی جیل خانہ جات کو نوٹس جاری کردیئے ، مزید کارروائی 13 نومبر کو ہوگی۔لاہور ہائیکورٹ نے نیب کے منی لانڈرنگ قانون کے اختیارات استعمال کرنے کیخلاف شہری سلامت علی کی درخواست پر نیب سے شق وار جواب مانگ لیا ہے ۔درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ نیب نے سلامت علی کو گرفتار کرکے کراچی تفتیش کیلئے منتقل کر دیا جو اختیارات سے تجاوز ہے ۔ نیب کے وکیل نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیا۔آئندہ سماعت 25 نومبر کو ہوگی۔ ادھر احتساب عدالت لاہور نے ہوم لیڈ ہائوسنگ سوسائٹی کیس کی سماعت کرتے ہوئے کیس کے ملزم ندیم کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی ہے ۔