کراچی(کامرس رپورٹر)کورونا وائرس سے پیدا شدہ حالات میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ایڈوانس پیمنٹ اور اوپن اکاؤنٹ کے تحت درآمدات میں سہولت فراہم کرنے کے لیے فارن ایکسچینج ریگولیشنز میں نرمی کردی۔تفصیلات کے مطابق بینک دولت پاکستان نے کورونا وائرس کے علاج کے لیے طبی آلات، دواؤں اور دیگر اشیا کی درآمد پر کسی حد کے بغیر وفاقی اور صوبائی حکومت کے تمام محکموں، سرکاری و نجی شعبے کے اسپتالوں، فلاحی اداروں، مینوفیکچررز اور کمرشل درآمد کنندگان کو امپورٹ ایڈوانس پیمنٹ اور امپورٹ آن اوپن اکاؤنٹ کی اجازت دی ہے ۔ مزید یہ کہ بینکوں کو بین الاقوامی ڈونر ایجنسیوں اور غیرملکی حکومتوں کے عطیہ کردہ آلات کی درآمد پر الیکٹرانک امپورٹ فارم (EIF) منظور کرنے کی اجازت دی گئی ہے تاکہ وہ ہموار انداز میں تیز رفتاری سے درآمد کرسکیں۔پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے ۔ کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کی مؤثر حکمت عملی کیلئے ضروری آلات کی بروقت دستیابی ضروری ہے ۔ اس مہلک وائرس کے انتہائی تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر اسٹیٹ بینک نے یہ اقدامات کیے ہیں تاکہ ضروری آلات کی درآمد باسہولت انداز میں ہوسکے ۔ چنانچہ سٹیٹ بینک نے ایڈوانس پیمنٹ اور اوپن اکاؤنٹ کے تحت اشیا کی درآمد سے متعلق اپنی فارن ایکسچینج ریگولیشنز میں بھی ترامیم کی ہیں۔ایک ذمہ دار ریاستی ادارے کی حیثیت سے سٹیٹ بینک کورونا وائرس کی وبا کے خلاف قوم کی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔