لاہور (سٹاف رپورٹر) دھرنا ملکی سلامتی کیخلاف اور مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کی سازش ہے ۔ہمیں قیام پاکستان کی مخالف قوتوں کو پہچاننا ہو گا جو آج بھی دھرنے کی صورت میں ملک کا امن برباد کرنے کے در پے ہیں ۔ ہم اس کانفرنس کے ذریعہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہم ایسا ہرگز نہیں ہونے دیں گے ۔ موجودہ ملکی صورتحال میں تحفظ ختم ِ نبوت و ناموس رسالت ، استحکام پاکستان اور تحریک آزادی کشمیر کو کامیابی سے ہمکنارکرنے کیلئے مشائخ کو قیام پاکستان کی طرح متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہو گا۔ بھارت نے 78 روز سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو لگا رکھا ہے پانی بند کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے لائن آف کنٹرول پر مسلسل گولہ باری کی جار ہی ہے ہریانہ الیکشن میں پاکستان کے خلاف اشتعال انگیز زبان بولی جا رہی ہے ۔ یہ علامیہ سندر شریف میں منعقدہ آل پاکستان مشائخ و علماء کانفرنس کے بعدجاری کیا گیا ۔ کانفرنس سے جادہ نشین سندر شریف پیر سید محمد حبیب عرفانی، دیوان احمد مسعود فاروقی چشتی ، پیر سید آل حبیب معینی ، پیر منور جماعتی ، پیر قطب الدین فریدی ،پیر عبداﷲ شاہ لکیاری ، پیر عظمت علی اور دیگر مشائخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا موجودہ حالات میں مشائخ کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا پڑے گا ۔