لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز رشید نے کہا ہے کہ اداروں پر حملے اورپتھر پھینکنا ہمارا نہیں بلکہ پی ٹی آئی کا کلچر ہے ، ہم پاکستان کی قیمت پر سیاست نہیں کرتے ۔کیا مریم نواز نے نیب کے دفتر جانے کا خود فیصلہ کیا تھا؟۔چینل 92نیوز کے پروگرام’’ ہارڈ ٹاک پاکستان‘‘ میں میزبان ڈاکٹر معید پیرزادہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ مریم نوازکی خاموشی اور بولنا ضرورت کے تحت ہوتا ہے ، جب ضرورت ہوگی تو ضرور بولیں گی، وہ کسی کے تابع نہیں۔ ہم بطور پاکستانی چینی صدر کی پاکستان آمد کو سراہتے ہیں۔ سینئر تجزیہ کار ہارون الرشید نے کہا کہ کیا نیب کے لوگ حملے کرسکتے ہیں ،کیا کبھی پولیس نے پتھرائو کیا ،البتہ حکومت کی نالائقی ہے ، مریم کی نیب پیشی پر ایک اندھا بھی دیکھ سکتا ہے کہ یہ شوآف پاور تھا ۔ یہ لانچنگ تھی، ری لانچنگ بھی تھی۔پولیس کوخاتون کو بھی گرفتارکرنا چاہئے تھا،یہ پریشر بڑھا رہے کہ جب پابندی ختم ہوگی تو مریم نواز وزیراعظم ہونگی اور پھر انکے بیٹے ہونگے ۔ ہرآدمی جانتا ہے شہبازشریف کو بتایا جاچکا کہ آپ وزیراعظم نہیں بن سکتے جبکہ قومی سلامتی معاملے میں نوازشریف کبھی قابل قبول نہیں ہونگے ۔ جب آپ نے عثمان بزدار کو بٹھادیا تو پنجاب میں حکومت کا کوئی وجود ہی نہیں،عمران خان کی دیانت پر شبہ نہیں لیکن اہلیت برائے نام ہے ، انہیں اپوزیشن کی نالائقی کی وجہ سے وقت ملا ہوا ۔ تجزیہ کار صابر شاکر نے کہا کہ سول ملٹری تعلقات بہت اچھے ہیں۔ سو فیصد درست کہ مریم نواز ضرورت کے تحت بولتی ہیں۔مریم کو یہ بتانے کی ضرورت تھی کہ اگر انہیں باہر رکھا گیا تو کام خراب کرسکتی ہیں اور لیڈر شپ نوازشریف کی ہے ۔ تجزیہ کار مبشر لقمان نے کہا کہ عمران خان پر کوئی شک نہیں لیکن انکی ٹیم پر سب کو شک ہے ،اعظم خان تو اب شاید چلے جائینگے ۔ شا ید ن لیگ کیساتھ ہاتھ ہوگیا ،شہبازشریف کیلئے اتنے کارکن نہیں آئے جتنے مریم نواز کیلئے آئے ۔