گھارو،ٹھٹھہ،اوکاڑہ ،شیخوپورہ ،مانانوالہ، ساہیوال،چیچہ وطنی (نمائندگان 92 نیوز)ٹھٹھہ جھرک کے قریب دریائے سندھ میں سات بچے نہاتے ہوئے ڈوب گئے جبکہ اوکاڑہ میں راجباہ 2کمسن بھائیوں کو نگل گیا۔ ٹریفک کے المناک حادثات میں باپ2 بیٹیاں اور 2دوست جاں بحق جبکہ ماں بیٹی زخمی ہو گئی۔ بتایا گیا ہے کہ ٹھٹھہ جھرک کے قریب دریائے سندھ میں سات بچے نہاتے ہوئے ڈوب گئے ہیں،ڈوبنے والوں میں سات سالہ کونج، چار سالہ بینظیر ،چار سالہ بشیراں،9 سالہ عامر، چھ سالہ رفیق، سات سالہ رحیم علی اور چار سالہ اعظم شامل ہیں ہسپتال ذرائع کے مطابق ٹھٹھہ ڈوبنے والوں کا تعلق گائوں دائم مری سے بتایا جاتا ہے ، جن کی لاشیں رورل ہیلتھ سینٹر جھرک سے گھر منتقل کر دی گئیں جس پر گائوں میں ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔دریں اثنا اوکاڑہ میں چک18 اے ایل میں محمد جاوید اقبال کا6سالہ محمد عرفان اپنے 3سالہ بھائی محمد رضوان گھر سے نکلے اور گاؤں کے قریب سے گزر نے والے راجباہ میں نہانے لگے کہ گہرے پانی میں ڈوب کر دونوں بھائی جاں بحق ہوگئے ۔دریں اثنا شیخوپورہ میں سچا سودا نزد ڈیرہ ناہراں مانانوالہ روڈپر تیز رفتار کار نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی،حادثے کے نتیجہ میں موٹر سائیکل پر سوار ننکانہ صاحب کا رہائشی30سالہ محمود ،2بیٹیاں6سالہ ماہ نور اور 3سالہ وشال دم توڑ گئیں جبکہ حادثہ میں محمود کی بیوی 25سالہ مہناز اور 6ماہ کی بیٹی مہرش زخمی ہو گئیں۔ریسکیو 1122 شیخوپورہ نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد دینے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخوپورہ منتقل کر دیا جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں کو پولیس کے حوالے کر دیاہے ۔ ساہیوال میں چک 101 نائن ایل میں ٹریکٹر ٹرالی نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں شہر سے گاؤں جا نے والے 2دوست 14 سالہ فرحان اور 11 سالہ انصر جاں بحق ہو گئے ، دونوں لڑکوں کی لاشیں ان کے ورثا کے حوالے کردی گئیں ۔