وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کے پی کے میں بلین ٹری سونامی مہم جنگلات میں بدل چکی ہے جس سے اس مہم کے ذریعے پورے ملک میں 10ارب درخت لگانے کی ہمت ملی ہے۔ ماہرین حیاتیات کسی بھی ملک میں ماحولیات کے عالمی معیار کے لئے اس کے کل رقبہ کے 25فیصد پر جنگلات کو لازمی قرار دیتے ہیں جبکہ پاکستان میں یہ تناسب صرف 1.9فیصد ہے جس کی وجہ سے ملک میں بارشوں کا نظام شدید متاثر ہوا ہے اور عالمی ماہرین 2040ء تک ملک میں پانی کی شدید قلت کے اندیشے ظاہر کر رہے ہیں۔ دنیا بھر میں سالانہ 15ارب درخت کاٹے جا رہے ہیں جبکہ 5ارب درخت نئے لگائے جا رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ عالمی سطح پر ما حولیاتی تحفظ کی مہم جاری ہے ۔ تحریک انصاف کی حکومت نے ایک ارب درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا تو کچھ عاقبت نا اندیشوں نے عمران خان کا تمسخر اڑایا۔ مگر آج ایک ارب درخت جنگلات میں بدل رہے ہیں اور عالمی سطح پر تحریک انصاف کی کاوش کو سراہا جا رہا ہے ۔ اب وزیر اعظم نے 10ارب درخت لگانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے جو یقینا لائق تحسین ہے ۔بہتر ہو گا حکومت نجی اداروں کے ساتھ عوام میں بھی نئے درخت لگانے کا شعور کو اجاگر کرے۔ مناسب ہو گا 10مرلے تک کے گھر میں کم از کم دو درخت لگانے کا قانون بنائے تاکہ ملک میں درختوں کی کمی کو پورا کرنے کے ساتھ آلودگی پر بھی قابو پایا جا سکے۔