مکرمی!آرمی پبلک سکول پشاور میں قوم کے126معماروں کو موت کی نیند سلا دیا گیا۔یہ درندگی کا ایک ایسا واقعہ تھا جس نے کروڑوں درددل رکھنے والے انسانوں کو رلا دیا تھا۔16 دسمبر کا دن سقوط ڈھاکہ کی یاد دلاتا ہے۔اس کے علاوہ سال1992ء میں ماہ دسمبر کی 6تاریخ بھی دنیا بھر کے مسلمان کبھی فراموش نہیں کر سکتے کہ اس روز اتر پردیش(بھارت) کے شہر اجودھیا میں لاکھوں ہندو جنونیوں نے مغل دور کی یادگار تاریخی بابری مسجد کو شہید کر دیا تھااس واقعہ نے بھی کروڑوں مسلمانوں کو رلا دیا تھا،یہ دکھ اس وقت مزید ہو گیا جبکہ ماہ نومبر سال2019ء میںبھارت کی سپریم کورٹ نے متعصبانہ فیصلہ سناتے ہوئے تاریخی بابری مسجد کی متنازع زمین ہندوئوں کے حوالے کرنے کا حکم جاری کر دیا اس شرمناک فیصلے سے دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی۔ ماہ دسمبر میں امریکہ نے 9/11کے بعدافغانستان پر فضائی حملوں کا آغاز کیا تھا جس کے نتیجے میں ہزاروں افغانی خاک و خون میں نہلا دیے گئے گو کہ ابھی افغانستان میں کوئی جنگ جاری نہیں ہے لیکن امریکی و نیٹو افواج بدستور افغانستان میں موجود ہیں۔ عراق کے سابق صدر صدام حسین کو ماہ دسمبر 2003ء میں گرفتار کیا گیا جبکہ 30 دسمبر2006ء میں عید الاضحی کے روز پھانسی کی سزا دی گئی۔ ماہ دسمبر اس لیے بھی منفرد ہو گا کہ اس مہینے میں اتوار ،پیر اور منگل کے ایام پانچ پانچ مرتبہ آئیں گے۔ الغرض ماہ دسمبر بہت سی خوشیوں اور دکھوں کے پیغام لے کر ایک مرتبہ پھر آن پہنچا ہے۔ ( محمد عارف سعید ۔سلیمانی بازار جہانیاں)