لاہور،سیالکوٹ،فیصل آباد(سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن )نے بھی جین مندر انار کلی سٹیشن پر اورنج لائن میٹرو ٹرین کا افتتاح کردیا،افتتاح سعد رفیق نے کیا جبکہ اس موقع پرایاز صادق، عطا تارڑ، پرویز ملک ،خواجہ عمران نذیر،ودیگر رہنماؤں سمیت لیگی کارکنوں کی بڑی تعدادنے نواز شریف اورشہباز شریف کے حق میں نعرے لگائے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کارکنوں کو سیاسی جدوجہد تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہادسمبر کا مہینہ فیصلے کا مہینہ ہے ،شہبازشریف اور حمزہ شہباز کا جرم صوبے کی حالت بدلنا ہے ،نوازشریف کا ساتھ نہیں چھوڑا اس لئے باپ بیٹے کو جیل میں ڈالا،احد چیمہ کا جرم یہ ہے کہ اورنج لائن کو بنایا،ہمیں جیل میں اس لئے ڈالتے ہیں کیونکہ ہم آئین و قانون کی حکمرانی مانگتے ہیں،جمہوریت زنجیروں میں ہے ، ہمیں پوری جمہوریت نہیں دی جاتی، شہبازشریف کے شہر میں جگہ جگہ نشانات ہیں،ثاقب نثار نے سب کچھ کیاانصاف نہیں کیا ،اپنی عدالت لگا کر ریاست کے قانونی اختیار سے تجاوز اورلوگوں کو عدالت بلا کر بے عزت کیا ،اربوں روپے کا قومی خزانے کو ٹیکہ لگایا، اورنج لائن منصوبے میں تاخیر کروائی، پاکستان میں دو متوازی قانون لاڈلوں اور ن لیگ کیلئے ہے ، کوئی ان سے پوچھے ڈیم کے اربوں روپے لے کر کہاں گئے ؟ عمران خان سلیکٹڈ ہیں ،تھے اور سلیکٹڈ کی حالت میں واپس چلے جائیں گے ،وزیر اعظم کو بچوں والی حرکتیں زیب نہیں دیتیں،آپ جیل کیسے کاٹیں گے ؟، مشکل کام ہے ،جیل جانا لاڈلوں کا نہیں سر پھرے لوگوں کا کام ہے ، جب ہم کہتے پنجابیوجاگو ،آپ بات نہیں کرنے دیتے لیکن ہم اپنی بات اورپرامن سیاسی جدوجہد کریں گے ،ہم نے دھمکی، گالی دینی نہ پتھر ڈنڈا مارنا ہے ،پی ڈی ایم کا راستہ جمہوریت،قانون کی حکمرانی، ووٹ کوعزت دو ،سستے انصاف کا راستہ ہے ، شہبازشریف کا پورٹریٹ بناکرکہتے اس شخصیت نے بنائی میٹرو ٹرین،مہر لگ گئی ہے افتتاح جو مرضی کرے ۔ایاز صادق نے کہاکارکن تیاررہیں فیصلے کی گھڑی قریب ہے ۔ مریم اورنگزیب نے اورنج ٹرین کے افتتاح پر شہبازشریف کو مبارکباددیتے ہوئے کہاعمران صاحب شہبازشریف کوجیل میں بندکرکے ان کے بنائے شاہکار عوامی منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے کچھ شرم تو آرہی ہوگی، کس منہ سے اورنج ٹرین کا افتتاح کر رہے ہیں،آپ دس سال بعد بھی افتتاح کرتے تو آپ کو ہر اطراف سے شکریہ شہباز شریف ہی سنائی دیتا ،عمران صاحب مسلم لیگ (ن) کے کام بولتے آپ صرف جھوٹ بولتے ہیں،آپ نے اورنج لائن کوبھی بی آرٹی بنانے کی کوشش کی، کام نہ روکا جاتاتو؟۔ خواجہ آصف نے اپنے حلقہ انتخاب سیالکوٹ میں لیگی عہدیداروں و کارکنوں کو تبلیغ شروع کر دی اورکہا اﷲتعالیٰ کا نام ’’یا ستار‘‘کا ہر وقت ورد کرنا بہت افضل ہے ، تمام عہدیدار و کارکن پانچ وقت کی نماز با جماعت پابندی کے ساتھ قائم اور اللّٰہ تعالیٰ سے موجودہ یہودی اور ظالم حکومت سے فوری نجات کے لئے دعا کریں۔رانا ثنا اللہ نے کہا صرف صفحہ نہیں حکومت پلٹ سکتی ہے ،پی ڈی ایم کو اگرمصالحت کی پیشکش کی گئی تواُسے وزیراعظم کے استعفے اور عام انتخابات کی شرط پرقبول کیاجاسکتاہے ،جسٹس فائزعیسیٰ کوعدالت سے انصاف ملا،لیگی قیادت کوبھی توقع ہے کہ انصاف ملے گا۔ نوازشریف کوواپس لانے کے لئے حکومت ایک کی بجائے 100خط بھی لکھے یا عمران خان پوری حکومت کے ساتھ خودبھی برطانیہ چلے جائیں تو اُنہیں ڈی پورٹ نہیں کراسکتے ۔