فیصل آباد (وقائع نگارخصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارت کی جانب سے 2 پاکستانی طلبا کو دہشتگرد قرار دینے کے پر جامعہ اسلامیہ امدادیہکی انتظامیہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے دونوں طلبا کی مدرسے میں موجودگی ظاہر کر کے نہ صرف انڈین میڈیا کے جھوٹ کا پردہ فاش کردیا بلکہ دنیا کوایک بار پھرمودی سرکار کا اصل چہرہ دکھا دیا۔جامعہ امدادیہ فیصل آباد میں زیر تعلیم ان طالب علموں محمد ندیم اور محمد طیب نے حقیقت سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا کہ وہ رائے ونڈ اجتماع میں شرکت کیلئے گئے ۔ وہاں سے گنڈا پور سنگھ بارڈر بھی گئے جہاں ’’سنگ میل‘‘ کے ساتھ تصاویر بھی لیں۔ جن میں سے ایک تصویر اپ لوڈ کی گئی۔ جسے بھارت نے دہشتگردی کا رنگ دیدیا ۔ ان خبروں کے حوالہ سے انہیں دوستوں سے معلوم ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے اپنی اصلیت دکھا دی ۔دوسری طرف جامعہ امدادیہ کی انتظامیہ کے سرپرست مفتی محمد شاہد لطیف کا کہنا ہے کہ دونوں طالب علم کئی سال سے یہاں زیر تعلیم ہیں۔ طلبہ کی مدرسہ میں موجودگی اس بات کی گواہ ہے کہ ہمسایہ ملک نے مکاری اور عیاری سے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کی کوشش کی لیکن ’’بغل میں چھری اور منہ میں رام رام‘‘ کرنے والوں کو ہمیشہ کی طرح منہ کی کھانا پڑی۔ بھارتی میڈیا کا رویہ انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے تاہم یہ کوئی نئی بات نہیں ہے پاکستان کو بدنام کرنے کی جو کوشش کی گئی اس میں انڈیا کو منہ کی کھانا پڑی ۔انہوں نے معاملہ اٹھانے پر 92نیوز کی تعریف کی ۔