پشاور(آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ خطے میں جاری انتہا پسندی اور دہشت گردی نے کروڑوں لوگوں کو سیاسی، معاشی اور ثقافتی سطح پر بد ترین حالات اور نفسیاتی دباؤ سے دوچار کر دیا ہے تاہم اس تشویشناک صورتحال سے نکلنے کیلئے ضروری ہے کہ افغانستان ، پاکستان اور ایران جیسے ممالک علاقائی سلامتی اور استحکام کیلئے ایک صفحے پر آ جائیں تا کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے ایک پْر امن اور خوشحال خطے کی بنیاد رکھی جا سکے ۔افغان قونصلیٹ پشاور میں افگان قنصل جنرل محمد ہاشن نیازی کی جانب سے دیئے گئے افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے پشتونوں کا دہشت گردی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ ان کو چالیس سال سے انتہا پسندی اور دہشت گردی کا سامنا ہے اور بعض اقدامات کے باوجود یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے ، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پوری دنیا کا مسئلہ ہے تاہم افغانستان اور پاکستان کے عوام کو اس ناسور نے شدید نقصان پہنچایا ہے اسلئے لازمی ہے کہ اس مسئلے کے حل کیلئے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر سنجیدہ کوششیں کی جائیں تا کہ خطے کے کروڑوں عوام کی سلامتی اور خوشحالی اور ترقی کو ممکن بنایا جا سکے ۔