اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،نیوز رپورٹر)نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کو افغان صدر اشرف غنی نے پیر کو ٹیلی فون کیا جس میں انہوں نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں انتخابی ریلیوں پر دہشت گرد حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق افغان صدر سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے کہا کہ دہشت گرد حملے دشمنوں کی طرف سے جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے اور ملک میں جمہوری عمل کو پٹڑی سے اتارنے کی بزدلانہ کوشش تھی۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت انتخابات کے بروقت انعقاد کیلئے پرعزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔ دونوں رہنماؤں نے خطہ میں امن و سلامتی کیلئے مشترکہ دشمنوں کو شکست دینے کیلئے مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔دریں اثنائپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ترجمان کے مطابق افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ٹیلی فون کیا اور مستونگ اوردیگر دہشت گرد حملوں کی مذمت کی۔ افغان صدرنے معصوم جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا،انہوں نے الیکشن کے دوران آرمی چیف کو افغان سرحد کے اپنی طرف سخت سکیورٹی انتظامات کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی متفقہ چیلنج ہے ، ہمیں ملکر نمٹنا ہوگا،افغانستان پاکستانی سکیورٹی فورسز کو انتخابی عمل کے دوران مکمل تعاون فراہم کریگا۔آرمی چیف نے افغان صدر کے جذبات پر ان کاشکریہ ادا کیا۔ ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سے ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل ڈاکٹر محمد باقری نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی ، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی کی صورتحال ،دفاعی تعاون اور پاک ایران بارڈر مینجمنٹ کے موضوعات پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات جی ایچ کیو میں ہوئی۔اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کی مسلح افواج کے درمیان اضافی تعاون کے خطے میں امن و استحکام پرمثبت اثرات ہونگے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کی مسلح افواج کے درمیان تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف نے پاکستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں کی مذمت کی۔انہوں نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات میں اضافے کے سلسلے میں کام کرنے کے حوالے سے یقین دلایا۔ادھر ایرانی مسلحافواد کے سربراہ نے صدر ممنون، وزیر خارجہ عبداﷲ حسین ہارون اور نیول چیف ظفر محمود عباسی سے بھی ملاقاتیںکیں اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔