اسلام آباد،کراچی،راولپنڈی،کوئٹہ(نمائندہ خصوصی،سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،نیٹ نیوز) آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے دہشتگردی کی لعنت کوقوم کے تعاون سے جڑ سے اکھاڑ پھینکا،درپیش خطرات جامع قومی ردعمل کے متقاضی ہیں،فوج دیگر ریاستی اداروں کے تعاون سے بھرپورردعمل دے رہی ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ میں سدرن کمانڈ کے زیر اہتمام دوسری قومی سکیورٹی ورکشاپ بلوچستان سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہادہشت گردی کا کوئی مذہب، فرقہ یا قومیت نہیں۔پاکستان نے دہشتگردی کی لعنت کے خلاف بلا امتیازکارروائی کی ہے ۔ آرمی چیف نے اپنے خطاب کے دوران داخلی اور بیرونی چیلنجز کا احاطہ کیا، اس موقع پر کور کمانڈرسدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ بھی موجود تھے ، دو ہفتوں پر محیط ورکشاپ کا مقصد اہم قومی سلامتی امور سے آگہی دینا تھا، ورکشاپ کے شرکاء کی استعداد کار میں اضافہ، بروقت فیصلہ سازی اورقومی قوت کے تمام عناصر کیساتھ جامع قومی سلامتی کی تشکیل یقینی بنانا بھی ورکشاپ کا حصہ تھا۔ورکشاپ میں قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین، میڈیا نمائندگان اور سرکاری افسران نے شرکت کی۔قبل ازیں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورہیڈ کوارٹرزکراچی کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں کراچی اور سندھ میں امن وامان کی صورتحال اور سکیورٹی اداروں کی کاکردگی پربریفنگ دی گئی۔ پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا کورہیڈکوارٹرز پہنچنے پر کورکمانڈرکراچی نے استقبال کیا۔ آرمی چیف نے شہر قائدمیں امن قائم کرنے اور اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی پررینجرز، پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کی کارکردگی کوسراہا۔انہوں نے ہدایت کی کہ کراچی میں آپریشن سے قائم ہونیوالے امن اور حاصل ہونیوالی کامیابیوں کو دیرپا امن میں بدلنے اور مزید کامیابیوں کے حصول کے لئے کاوشیں کی جائیں۔