ملتان(سپیشل رپورٹر)سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت جنوبی پنجاب صوبہ نہیں بناسکتی ان کے پاس آئین میں ترمیم کیلئے مطلوبہ ایم این ایز اور پنجاب اسمبلی میں قرارداد کے لیے مطلوبہ ایم پی ایز کی تعداد نہیں ،نجانے شاہ محمود کس طرح صوبہ بنانے کی بات کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پرمختلف وفود سے ملاقاتوں میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں ارکان کی بیشتر تعداد جنوبی پنجاب سے تعلق رکھتی ہے اگر علیحدہ صوبہ بنا بھی تو پنجاب میں پی ٹی آئی حکومت دھڑام سے گر جائے گی اور پی ٹی آئی یہ ہرگز برداشت نہ کر پائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کو حقائق بتائیں گمراہ کرکے کب تک حکومت کریں گے ۔ ہر پارٹی صوبہ بنانے کا دعوی کرکے سیاسی مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہے انہوں نے کہا کہ صوبہ کی جدوجہد کے لیے یوسف رضا اور شاہ محمود سے مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہوں اور چاہتا ہوں تینوں مل کر لاہور میں پریس کانفرنس کرکے جدوجہد کا آغاز کریں۔