لاہور،اسلام آباد،کراچی (صباح نیوز،خبر نگار خصو،صی ،این این آئی،سٹاف رپورٹر ) مسلم لیگ (ن) کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ دعا ہے کہ عمران نیازی پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اپنے پیکیج پرآنے والے دنوں میں یوٹرن نہ لیں ،شہباز شریف نے اٹارنی جنرل کوجوابی خط لکھ دیا۔ اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف اور عوام دونوں کو دھوکہ دے رہی ہے ۔ پٹرول کی قیمت کم ہوئی تو مہنگائی میں کمی کیوں نہیں ہوئی؟ کرایوں میں کمی کون کرائے گا؟۔ ادھر شہباز شریف نے کہا کہ اٹارنی جنرل کا خط ماورائے قانون اور لاہور ہائی کورٹ میں زیر سماعت معاملے میں توہین عدالت کے مترادف اور مقاصد سیاسی ہیں۔شہباز شریف نے اٹارنی جنرل کو جوابی خط میں کہا کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ کے پاس جمع کرا چکا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی حلف نامے یا ضمانت کی خلاف ورزی نہیں کی اور مجھے آپ کا خط بھجوانا غیر قانونی، غیر ضروری اور ناجائز ہے ۔ شہباز شریف نے کہا کہ خط کے مندر جات کی روشنی میں اپنے حقوق کے تحفظ کا حق رکھتا ہوں اور اس خط کی بنیاد پر میرے خلاف توہین آمیز اور بے بنیاد مہم چلائی گئی جس کا مقصد صرف کردار کشی تھا۔احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگومیں (ن) لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد چودھری برادران کے بغیربھی آجائے گی۔ آج یہ فیصلہ چودھری برادران کوکرنا ہے کہ انہوں نے عوام میں رہنا ہے یا اقتدارمیں، نیب کے تماشے 22سال سے بھگت رہے ہیں۔عمران خان نے جو اعلان کیے اس سے ملک کے اندر مہنگائی بڑے گی اور گھبراہٹ ہوگی۔